تجارتی جنگ، چین کا ایئرلائنز کو امریکی کمپنی بوئنگ سے جہازوں کی ڈلیوری روکنے کا حکم

اردو نیوز  |  Apr 15, 2025

ٹیرف کے معاملے پر تجارتی جنگ کے دوران چین نے اپنی ایئرلائنز کو کہا ہے کہ وہ امریکن کمپنی بوئنگ سے طیاروں کی ڈلیوری بند کر دیں۔

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جنوری میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد دنیا کی دو بڑی معیشتیں ٹیرف کے معاملے پر حالت جنگ میں ہیں۔ امریکہ نے چین کی درآمدات پر 145 فیصد ٹیرف لگایا ہے۔

چین نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی مصنوعات پر 125 فیصد ٹیرف لاگو کیا ہے۔

منگل کو شائع ہونے والی بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق چین نے ایئرلائنز کو یہ حکم بھی دیا ہے کہ وہ بوئنگ طیاروں کی ڈلیوری بند کر دیں۔ یہ بھی کہا ہے کہ امریکہ سے جہازوں کے پرزوں کی خریداری بھی بند کر دیں۔

امریکی درآمدات پر بیجنگ کے جوابی ٹیرف ممکنہ طور پر ہوائی جہاز اور پرزہ جات لانے کی لاگت میں نمایاں اضافہ کر سکتے ہیں۔

بلومبرگ نے کہا کہ چینی حکومت ایسے کیریئرز کی مدد کرنے پر غور کر رہی ہے جو بوئنگ جیٹ طیاروں کو لیز پر دیتے ہیں اور زیادہ اخراجات کا سامنا کرتے ہیں۔

ٹرمپ کے ٹیرف لاگو کرنے کے فیصلے نے عالمی مارکیٹس کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور اتحادیوں اور مخالفین کے ساتھ سفارت کاری کو یکساں طور پر متاثر کیا ہے۔

ٹرمپ نے گذشتہ ہفتے ٹیرف پر مزید اضافہ روکنے کا اعلان کیا تھا لیکن بیجنگ کو فوری طور پر کوئی مہلت نہیں دی تھی۔

امریکی حکام نے جمعے کو چین اور دیگر ممالک کے لیے سمارٹ فونز، سیمی کنڈکٹرز اور کمپیوٹرز جیسی اشیا پر ڈیوٹی سے استثنیٰ کا اعلان کیا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More