پشاور زلمی کے خلاف مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹر کولن منرو نے کہا ہے کہ شاداب خان کو بیٹنگ میں خود کو مزید موقع دینا چاہیے۔
پشاور زلمی کے خلاف میچ جیتنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے سابق پلیئر کولن منرو نے کہا کہ شاداب خان مکمل آل راؤنڈر ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ کو اچھا لک آفٹر کرتے ہیں، انھیں بیٹنگ میں خود کو مزید موقع دینا چاہیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پشاور زلمی کے خلاف میچ میں شاداب خان نے 4 اوورز میں 29 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کی تھیں، تاہم انھیں بیٹنگ کا موقع نہیں ملا تھا، اور ان کی کپتانی میں ٹیم نے 102 رنز سے فتح حاصل کر لی تھی۔ کولن منرو نے کہا شاداب خان ایسے کپتان ہیں جو صورت حال کو پرکھتے ہیں، انھیں بیٹنگ میں بھی خود کو موقع دینا چاہیے کیوں کہ انھوں نے نمبر 4 پر ماضی میں بہت اچھی بیٹنگ پرفارمنس دی ہوئی ہیں۔
صاحبزادہ فرحان کے بارے میں کولن منرو نے کہا ’’ان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، ان کا ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ کی خوش قسمتی ہے، صاحبزادہ فرحان نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شان دار پرفارمنس دکھائی۔‘‘
کولن کا کہنا تھا کہ مسلسل 2 میچوں میں کامیابی سے اسلام آباد یونائیٹڈ کا اعتماد بڑھا ہے، راولپنڈی کنڈیشنز کے بارے میں انھوں نے کہا کہ پچز بھی سلو ہیں اور خشکی ہے، اسکور کرنا مشکل ہو رہا ہے۔
شائقین کے بارے میں انھوں نے کہا کہ یہاں کے شائقین بہت شان دار ہیں، یہ بابر اعظم کے مداح بہت ہیں، پشاور زلمی کو ہر جگہ شائقین سپورٹ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ صاحبزادہ فرحان نے پشاور زلمی کے خلاف شان دار سنچری اسکور کرتے ہوئے 106 رنز بنائے، جب کہ خود کولن منرو نے 40 رنز بنائے۔