انڈیا اور چین کے درمیان مسافر پروازوں کی بحالی پر بات چیت کا پہلا دور

اردو نیوز  |  Apr 14, 2025

انڈیا اور چین کے درمیان براہ راست مسافر پروازوں کی بحالی سے متعلق مذاکرات کا کا پہلا دور مکمل ہو گیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈیا نے ییر کو کہا ہے کہ ابھی تک دونوں ممالک نے مسافروں کے لیے فضائی سروس کی بحالی کی کوئی تاریخ طے نہیں کی ہے۔

انڈیا اور چین کے درمیان پانچ برس قبل لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی)  پر ہونے والی مہلک جھڑپوں کے بعد سے تعلقات کشیدہ چلے آ رہے ہیں۔

رواں برس جنوری میں دونوں ممالک نے اپنے تجارتی اور معاشی اختلافات کو ختم کرنے کے لیے کام کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

اس حوالے سے ایوی ایشن کے شعبے میں تعطل کا خاتمہ بھی دونوں ممالک کے پیش نظر تھا۔

انڈیا کے سول ایوی ایشن سیکریٹری وملونمانگ ووالنام نے نیو دہلی میں انڈین چیمبر آف کامرس کے زیراہتمام کانفرنس کے دوران کہا کہ ’سول ایوی ایشن اتھارٹی اور چینی ادارے کے درمیان ملاقاتوں کا ایک دور ہوا ہے۔‘

انہوں نے تفصیلات میں جائے بغیر کہا کہ ’ابھی کچھ معاملات حل ہونا باقی ہیں۔‘

سنہ 2020 میں انڈیا اور چین کے فوجیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی تھیں جن میں 20 انڈین اور چار چینی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

اس کے بعد انڈیا نے چینی سرمایہ کار کمپنیوں اور ہزاروں مقبول ایپس کے ساتھ ساتھ مسافر پروازوں پر بھی پابندی عائد کر دی تھی۔

تاہم اس پابندی کے باوجود چین کی کارگو پروازیں بحال رہی ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری اس وقت آنا شروع ہوئی جب چینی صدر شی جن پنگ اور انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی روس میں ملاقات ہوئی تھی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More