فنڈز میں کٹوتی، پاکستان سمیت 60 ممالک میں اقوام متحدہ کے عملے میں 20 فیصد کمی

اردو نیوز  |  Apr 12, 2025

اقوام متحدہ کی انسانی امداد کے ادارے نے کہا ہے کہ وہ فنڈز میں کمی کی وجہ سے پاکستان سمیت 60 ممالک میں کام کرنے والے اپنے عملے میں 20 فیصد کمی کر رہا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی امور کے سربراہ ٹام فلیچر نے ایک خط میں کہا ہے کہ ’انسانی امداد سے وابستہ کمیونٹی پہلے ہی وسائل کی کمی، حد سے زیادہ دباؤ اور بظاہر حملوں کی زد میں تھی اور اب  فنڈ میں تازہ کٹوتیوں نے صورت حال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔‘

اقوام متحدہ کی انسانی امداد کے ادارے کے عملے کی مجموعی تعداد 2600 ہے۔ عملے میں کمی کی وجہ فنڈنگ میں ہونے والی وہ ’سخت کٹوتیاں‘ ہیں جن کے نتیجے میں ادارے کو تقریباً 60 کروڑ ڈالر کی کمی کا سامنا ہے۔

ٹام فلیچر نے کہا کہ ’اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور (اوچا) کی موجودگی اور سرگرمیاں کیمرون، کولمبیا، اریٹریا، عراق، لیبیا، نائیجیریا، پاکستان، غازی عنتب (ترکیہ) اور زمبابوے میں محدود کر دی جائیں گی۔‘

ادارے کے عملے کو لکھے گئے خط میں ٹام فلیچر نے یہ نہیں بتایا کہ کس ملک کی جانب سے فنڈنگ میں کٹوتی کی گئی جس کی وجہ سے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور (اوچا)  کو مالی بحران کا سامنا کرنا پڑا تاہم، اُن کے اشارے سے واضح ہوتا ہے کہ یہ ملک امریکہ ہے۔

ٹام فلیچر نے کہا کہ 2025 کے لیے اوچا کا مجموعی بجٹ تقریباً 430 کروڑ ڈالر ہے۔ کئی ممالک نے ایجنسی کے اضافی بجٹ وسائل میں کٹوتیوں کا اعلان کیا یا پہلے ہی یہ کٹوتیاں نافذ کر چکے ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے خاص طور پر امریکہ کا نام لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’امریکہ کئی دہائیوں سے انسانی امداد دینے والا سب سے بڑا ملک رہا ہے۔‘

ادارے کے عملے کو لکھے گئے خط میں ٹام فلیچر نے یہ نہیں بتایا کہ کس ملک کی جانب سے فنڈنگ میں کٹوتی کی گئی (فوٹو: اوچا ویب سائٹ)امریکہ اوچا کے اضافی بجٹ وسائل میں بھی سب سے زیادہ حصہ دینے والا ملک ہے، جو تقریباً 20 فیصد بنتا ہے یعنی 2025 کے لیے چھ کروڑ 30 لاکھ ڈالر۔ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا امریکہ نے یہ رقم کم کر دی یا نہیں۔

چھ  کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی رقم کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ اوچا سمیت دیگر بین الاقوامی اداروں کے لیے فنڈنگ ابھی جائزے کے مرحلے میں ہے۔ وائٹ ہاؤس نے اس پر کوئی ردّعمل نہیں دیا۔

ٹام فلیچر نے خط میں کہا کہ ’اب تک متوقع اخراجات کی مجموعی رقم 25 کروڑ 85 لاکھ  ڈالر ہے اور اس کے مقابلے میں ہمارے پاس تقریباً پانچ کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا فنڈنگ خسارہ ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ اگرچہ انسانی امداد کی ضرورتیں بڑھ گئی ہیں، لیکن اوچا پہلے ہی دیکھ رہا ہے کہ فنڈنگ میں کٹوتیاں ’زندگی بچانے والی امداد‘ تک رسائی کو متاثر کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے ساتھ کام کرنے والی انسانی امدادی تنظیمیں اس بحران سے شدید متاثر ہوئی ہیں، جن میں سب سے زیادہ نقصان مقامی تنظیموں کو ہوا ہے۔ اس کے بعد بین الاقوامی تنظیمیں اور پھر اقوام متحدہ کی اپنی انسانی امدادی ایجنسیاں متاثر ہوئی ہیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی امور کے سربراہ ٹام فلیچر کا کہنا تھا کہ ’اوچا کو اپنی سرگرمیوں کو دستیاب وسائل کے مطابق ازسرِنو ترتیب دینا ہوگا اور اس کے لیے اسے اپنے انتظامی ڈھانچے کو کم کرنا پڑے گا۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More