ایک صدی سے بھی زائد عرصے کے بعد کرکٹ کو اولمپکس کھیلوں کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
بدھ کے روز انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے ایگزیکٹیو بورڈ نے ایونٹ کے پروگرام اور ایتھلیٹ کوٹا کا اعلان کر دیا ہے۔
آئی او سی کے مطابق امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں 2028 اولمپکس گیمز منعقد ہوں گی جس میں مرد و خواتین کی 6، 6 کرکٹ ٹیموں کو شامل کیا جائے گا جن میں 90، 90 کھلاڑیوں کا کوٹا الاٹ ہوگا۔
کرکٹ ٹی20 فارمیٹ میں کھیلی جائے گی اور ہر ٹیم کو 15 رکنی سکواڈ میں شامل کرنے کی اجازت ہوگی۔
کرکٹ کو آخری مرتبہ 1900 میں پیرس میں ہونے والے اولمپکس میں شامل کیا گیا تھا جہاں برطانیہ اور فرانس کے درمیان ایک واحد دو روزہ میچ منعقد کیا گیا تھا۔
واضح رہے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے 12 ’مکمل اراکین‘ میں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، انڈیا، آئرلینڈ، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے شامل ہیں جبکہ دیگر 94 ممالک ’ایسوسی ایٹ ممبرز‘ کی نمائندگی کرتے ہیں۔
اولمپکس میں آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ چھ ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔ اس وقت انڈین مینز کرکٹ ٹیم اور نیوزی لینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم موجودہ ٹی20 ورلڈ چیمپئنز ہیں۔
پاکستان کی مینز ٹیم ساتویں اور ویمنز ٹیم آٹھویں پوزیشن پر ہے اور اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے لیے پاکستان کو اپنی رینکنگ بہتر کرنی پڑے گی۔
کرکٹ ان پانچ نئے کھیلوں میں سے ایک ہے جو آنے والے اولمپکس میں کھیلے جائیں گے۔ آئی او سی نے دو سال قبل لاس اینجلس 2028 اولمپکس کے لیے بیس بال/سافٹ بال، فلیگ فٹ بال، لیکروس اور سکواش کے ساتھ کرکٹ کی شمولیت کی منظوری دی تھی۔
اس بات کی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے کہ لاس اینجلس 2028 اولمپکس میں کرکٹ میچز کہاں کھیلے جائیں گے، تاہم شیڈول کو گیمز کے قریب حتمی شکل دی جائے گی۔