کساد بازاری کا خدشہ، ڈونلڈ ٹرمپ نے کئی ممالک پر ٹیرف 90 روز کے لیے روک دیا

اردو نیوز  |  Apr 10, 2025

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بین الاقوامی مارکیٹس میں کساد بازاری کے پیش نظر بیش تر ممالک کی درآمدات پر عائد کردہ ٹیرف کو 90 دن تک روک کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر نے یہ فیصلہ بدھ کو کیا تاہم انہوں نے چینی درآمدات پر ٹیکس میں 125 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ٹرتھ سوشل‘ پر لکھا کہ ’چین کی جانب سے بین الاقوامی مارکیٹ کے حوالے سے عدم توقیری پر مبنی رویے کے اظہار کے پیش نظر میں چینی درآمدات پر ٹیرف میں فوری طور پر 125 فیصد اضافہ کر رہا ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’75 سے زائد ممالک نے ٹیرف کے معاملے پر مذاکرات کے لیے کہا ہے، ان پر نئے ٹیرف کو 60 دن کے لیے روکا جا رہا ہے لیکن اس مدت کے لیے 10 فیصد ٹیرف فوری طور نافذ العمل رہے گا۔‘

ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے کے بعد بین الاقوامی منڈیوں میں بہتری دیکھی جا رہی ہے لیکن چین کے علاوہ دیگر ممالک کی مصنوعات پر ٹیرف میں اس نرمی کی تفصیلات ابھی تک واضح نہیں ہیں۔

اس سے قبل امریکی صدر کے اقدام کے جواب میں چین نے امریکی مصنوعات پر 84 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

بدھ کو چین کی وزارت خزانہ نے کہا تھا کہ ’امریکہ کی جانب سے چین کے خلاف ٹیرف میں اضافہ غلطیوں کے اوپر مزید غلطی کے مترادف ہے اور یہ اقدام چین کے جائز حقوق اور مفادات کی شدید مخالفت پر مبنی ہے۔ امریکہ کے اقدامات کثیر جہتی ضوابط پر مبنی تجارتی نظام کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔‘

چین کی وزارت تجارت نے بدھ کو ایک الگ بیان میں کہا تھا کہ وہ چھ امریکی اے آئی فرموں کو بلیک لسٹ کرے گا جن میں شیلڈ اے آئی انکارپوریشن اور سیرا نیواڈا کارپوریشن شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنیوں نے یا تو تائیوان کو اسلحہ فروخت کیا تھا یا اس کے ساتھ ’فوجی ٹیکنالوجی‘ میں تعاون کیا تھا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More