آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام پاکستان کا پروگرام ہے، وزیر خزانہ

ہم نیوز  |  Apr 05, 2025

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام پاکستان کا پروگرام ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک معاشی استحکام میں آ چکا ہے، معاشی استحکام کو اب پائیدار معاشی استحکام میں بدلنا ہے، معاشی استحکام معاشی ترقی کیلئے بہت ضروری ہے، بیرونی محاذ میں کافی بہتری آئی ہے، اس سال ترسیلات زر 36 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کا اندازہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے، ترسیلات زر میں اضافہ اور برآمدات میں بہتری آئی ہے، روز مرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، وزیر خزانہ نے کہا کہ صوبوں اور وزارتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچانا چاہیے۔

مجموعی قومی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران 7.67 فیصد اضافہ

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے 51 میں سے 26 اشیا کی قیمتیں کم ہوئیں، افراط زر میں مسلسل کمی اورروپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے، اقتصادی رابطہ کمیٹی مہنگائی میں مزید کمی کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ شرح سود میں نمایاں کمی ہوئی ہے، میرے خیال میں شرح سود میں مزید کمی کی گنجائش موجود ہے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، مقامی سرمایہ کار بھی سرمایہ کاری کر رہے ہیں، اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے بار بار کہا کہ یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو گا، آخری پروگرام ا س وقت ہو گا جب ہم مشکل فیصلے کریں گے، ہمیں اسٹرکچرل ریفارمز کرنے ہوں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا کچھ دن قبل آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہو گیا ہے، ہم نے آئی ایم ایف کے اسٹرکچرل بینچ مارک حاصل کئے، اس دفعہ قومی مالیاتی معاہدہ اور زرعی انکم ٹیکس وصولی کیلئے اقدامات کئے گئے، یہ پہلی بار ہے کہ پاکستان نے اسٹرکچرل بینچ مارک حاصل کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی ماہانہ بنیادوں پر نگرانی کی جا رہی ہے، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کی منظوری سے پاکستان کو ایک ارب ڈالر ملیں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ کلائمیٹ فنانسنگ پر بات چیت کامیاب رہی۔

اختر مینگل ریڈ زون احتجاج کی ضد پر قائم رہے تو حکومت کے پاس مزید آپشن موجود ہیں، شاہد رند

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام پاکستان کا پروگرام ہے،ہمیں پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کے پروگرام کی ضرورت ہے، ہم نے جو مشکل فیصلے کرنے تھے وہ ماضی میں نہیں کیے۔ پاکستان میں معاشی استحکام پہلے بھی آ چکا تاہم اب اس کو آگے لے کر جانا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ گاڑیوں کی پیداوار میں 40فیصد اضافہ ہوا ہے، موٹرسائیکل کی فروخت میں 30فیصد اضافہ جبکہ پہلی ششماہی میں سیمنٹ کی پیداوار میں 14 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ ٹیکس فائلرز کی تعداد دو گنا ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں خود تنخواہ دار طبقے میں رہا ہوں مجھے پتہ ہے کتنا مشکل ہوتا ہے،ٹیکس ایڈوائزر یا وکیل کے بغیر ٹیکس ادا نہیں کیا جا سکتا،ٹیکس کے نظام میں اصلاحات لا رہے ہیں، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس ریٹ بجٹ میں طے کریں گے۔

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کا طریقہ کار آسان کریں گے، جس سے آپ لو گ اپنے گھروں میں بیٹھ کر ٹیکس ریٹرن فائل کر سکیں گے۔ آئندہ مالی سال تنخواہ دار طبقے کو خود ٹیکس ادائیگی کا نظام لاگو ہوگا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More