مسجد الحرام میں خواتین زائرین کو پہلی بار تحلل کی سہولت فراہم کر دی گئی۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق الحرمین الشریفین کی انتظامیہ نے مسجد الحرام میں خواتین عمرہ زائرین کیلئے پہلی بار تحلل (عمرہ ادا کرنے کے بعد بال کاٹنے) کی سہولت کا خصوصی انتظام کردیا ہے۔
مسجد الحرام کے بیرونی صحن میں مروہ گیٹ کے سامنے متحرک یونٹ موجود ہے جہاں خواتین اہلکاروں کو تعینات کیا گیاہے، یاد رہے کہ عمرہ ادائیگی کے بعد خواتین کو تھوڑے سے بال کاٹنا ہوتے ہیں جس کے بعد وہ احرام کی پابندیوں سے آزاد ہوسکتی ہیں۔
ٹرمپ کا روس کے تیل، گیس اور بینکنگ سیکٹرپر پابندیاں سخت کرنیکا منصوبہ
حرمین انتظامیہ نے پہلی بار خواتین زائرین کے لئے یہ سہولت فراہم کی ہے، متحرک یونٹ میں تربیت یافتہ خواتین کارکنوں کو رکھا گیا ہے جو مکمل طور پر سینی ٹائز قینچیوں سے خواتین کے تھوڑے سے بال کاٹتی ہیں تاکہ وہ احرام کی پابندیوں سے آزاد ہو سکیں۔
اس جگہ پر پردے کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے اور خواتین وہاں اپنی باری آنے پر بال کٹوا سکتی ہیں، اس سے قبل خواتین کو یہ سہولت میسر نہیں تھی۔ مسجد الحرام کے باہر مردوں کے لئے بہت ساری باربر شاپس موجود ہیں جہاں مرد بال کٹوا کر احرام کی پابندیوں سے آزاد ہوتے ہیں۔