ملائیشیا کی بجٹ ایئرلائن ایئر ایشیا نے کراچی کے لیے براہ راست پروازیں چلانے کا اعلان کرتے ہوئے بکنگ کا آغاز کر دیا ہے۔ایئرلائن کاروباری اور سیاحتی مقاصد کے لیے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سستی سفری سہولت فراہم کرے گی۔30 مئی سے شروع ہونے والی پروازیں ہفتے میں چار بار چلیں گی۔کاروباری حلقوں کا خیال ہے کہ اس سروس کے شروع ہونے سے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کو بھی فروغ ملے گا۔
ایئر ایشیا کے سی ای او بنیامین اسماعیل کا کہنا ہے کہ ’ہم یہ سلسلہ شروع کرنے پر خوش ہیں کیونکہ اس سے ہمیں جنوبی ایشیا کی مارکیٹس میں اپنی موجودگی کو مستحکم کرنے کا موقع ملے گا۔‘
ان کے مطابق ’کراچی ایک بڑا شہر ہے جو تجارت، سیاحت اور تفریح کے بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے، ہمیں فخر ہے کہ اس شہر کو اپنے وسیع نیٹ ورک سے جوڑ رہے ہیں۔‘کاروباری حضرات کے لیے نیا موقعکراچی پاکستان کا اقتصادی مرکز ہے اور دنیا بھر کے کاروباری افراد کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ سروس کے آغاز سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کو بھی فروغ ملے گا (فوٹو: اے ایف پی)کراچی اور کوالالمپور میں کاروبار کرنے والے بزنس مین مسافر حسین احمد نے سروس کو کاروباری افراد کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خوشخبری ہے اور اس سے وقت اور پیسے دونوں کی بھی بچت ہو گی۔سیاحوں کے لیے دلچسپیکراچی اور کوالالمپور نہ صرف کاروباری افراد کے لیے اہم ہے بلکہ یہ سیاحت کے شوقین افراد کے لیے بھی بہت کشش رکھتے ہیں۔ان شہروں کی تاریخی اہمیت، خوبصورت ساحل اور رنگین بازار سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔کراچی کے تاریخی مقامات، میوزیم، اور ساحلی علاقے خاص طور پر سیاحوں کے لیے دلچسپی کا باعث ہیں۔جہاں کراچی میں چرنا آئی لینڈ اور ٹرٹل بیچ پر سمندری کچھوے دیکھنا ایک منفرد تجربہ ہے وہیں کوالالمپور کے ٹوئن ٹاور، باتو کیف، چینٹنگ کی بادلوں میں چلتی چیئر لفٹ اور ملائیشیا کے خوبصورت جزیرے بھی سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔سیاحت کے لیے ملائیشیا جانے والے فیضان یاسر کا کہنا ہے کہ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان نئی پروازیں واقعی خوش آئند ہیں۔اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان کاروبار کے فروغ کے لیے اہم موقعے کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)ایئر ایشیا ایکس کی سستی اور براہ راست پروازوں کی بدولت اب ملائیشیا کے وہ تمام مقامات دیکھنا آسان ہو گیا ہے جو واقعی دیکھنے کے لائق ہیں۔پروموشنل ٹکٹس اور بُکنگ کی سہولتکوالالمپور سے کراچی کے لیے ریٹرن ٹکٹ کی قیمت 959 رنگٹ سے شروع ہوتی ہے۔ اسی طرح ون وے ٹکٹ 64 ہزار990 پاکستانی روپے سے شروع ہوتا ہے۔ایئر لائن کے مطابق یہ پروموشنل کرایہ ایئر ایشیا موو ایپ اور ایئر ایشیا ڈاٹ کام پر بکنگ کے لیے دستیاب ہے اور 20 اپریل 2025 تک بکنگ کرائی جا سکتی ہے اور سفر کی مدت 30 مئی 2025 سے 27 مارچ 2026 تک ہے۔