انڈیا کی ریاست اتر پردیش کے شہر گوندا میں واقع ایک مٹھائی کی دکان پر منفرد گجیا کی قیمت 50 ہزار انڈین روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
اے این آئی کے مطابق یوں تو تہوار کے دنوں میں عمومی طور پر مٹھائیوں کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں لیکن اس دکان نے خاص طور پر بنائے گئے گولڈن گجیا کو فی کلو 50 ہزار روپے میں بیچنا شروع کر دیا ہے۔
یوں ایک گجیا کی قیمت 1300 روپے مقرر کی گئی ہے۔
دکان کے مینیجر شیواکانت چترویدی نے بتایا کہ گولڈن گجیا میں 24 قیراط سونے کی تہہ ہے جبکہ اس میں خاص قسم کا ڈرائی فروٹ ڈالا گیا ہے جو اسے سپیشل بناتا ہے۔
شیواکانت چترویدی نے کہا کہ ’ہمارے گولڈن گجیا میں 24 قیراط سونے کی تہہ ہے۔ اس میں خاص قسم کا ڈرائی فروٹ ہے۔ یہ گجیا 50 ہزار روپے فی کلو ہے اور 1300 روپے کا ایک پِیس ہے۔‘
روایتی طور پر گجیا میں خاص قسم کا کھویا، بادام اور ڈرائی فروٹ ڈالا جاتا ہے۔
دوسری جانب لکھنؤ میں ایک دکاندار نے 25 انچ لمبا اور چھ کلو بھاری گجیا بنا کر انڈیا بک آف ریکارڈ میں اپنا نام درج کروا لیا۔
انڈیا بک آف ریکارڈ کے ایگزیکٹیو پرامل ڈیوویڈی کہتے ہیں کہ اس گجیا نے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔