تمام یرغمالی مسافر بازیاب، 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے: ترجمان افواج پاکستان

اردو نیوز  |  Mar 12, 2025

افواج پاکستان کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا ہے کہ ’جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو یرغمال بنانے والے تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔‘بدھ کی رات دنیا نیوز سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے انہوں ںے بتایا کہ ’تمام یرغمالیوں کو بازیاب کروا لیا گیا ہے اور کلیئرنس آپریشن میں کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا۔‘

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ ’دہشت گرد مسافروں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے تھے اور وہ افغانستان میں اپنے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں کے ساتھ سیٹلائٹ فون کے ذریعے رابطے میں تھے۔‘ایک سوال کے جواب میں انہوں بتایا کہ ’دہشت گردوں نے آپریشن سے قبل ہی یرغمال بنائے گئے 21 معصوم افراد کو قتل کردیا تھا۔‘’دہشت گردوں نے 11 مارچ کو دن ایک بجے بولان کے قریب ریلوے ٹریک کو پہلے دھماکے سے اُڑایا گیا اور بعد میں جعفر ایکسپریس کو روک کر مسافروں کو یرغمال بنا لیا۔‘ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ’سکیورٹی فورسز نے بھرپور طریقے سے آپریشن شروع کیا اور ہمارے سنائپرز نے خودکش بمباروں کو ہلاک کیا۔‘’آپریشن کامیاب ہو چکا ہے، اس دوران ایف سی کے چار اہلکار شہید ہوئے جبکہ کارروائی کے دوران کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا۔‘انہوں نے بتایا کہ یہ دشوار گزار علاقہ ہے، سکیورٹی فورسز نے بازیابی کا آپریشن فوری طور پر شروع کر دیا تھا جس میں آرمی ، فضائیہ، فرنٹیئر کور اور ایس ایس جی کے جوانوں نے حصہ لیا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا ’سکیورٹی فورسز نے منگل کی شام تک 100 کے لگ بھگ مسافروں کو دہشت گردوں سے بحفاظت بازیاب کروا لیا تھا۔‘بدھ کو بھی بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں سمیت یرغمال مسافروں کو بازیاب کروایا گیا اور یہ سلسلہ وقتاً فوقتاً جاری رہا۔’شام کو جب حتمی کلیئرنس آپریشن ہوا تو اس میں تمام مغوی مسافروں کو بازیاب کروا لیا گیا، چونکہ یہ دہشت گرد مسافروں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے تھے اس لیے انتہائی مہارت اور احتیاط کے ساتھ یہ آپریشن کیا گیا۔‘

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا کہ ’سب سے پہلے فورسز کے سنائپرز نے خودکش بمباروں کو ہلاک کیا، پھر مرحلہ وار ہر بوگی کی کلیئرنس کی اور وہاں موقعے پر موجود تمام دہشت گردوں کو مار دیا گیا۔‘

’بازیاب کروائے گئے مسافروں کو مچھ ریلوے سٹیشن روانہ کیا گیا‘دوسری جانب کوئٹہ میں اردو نیوز کے نامہ نگار زین الدین احمد کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ٹرین تک رسائی حاصل کرنے کے بعد یرغمال بنائے گئے مزید 135 مغویوں کو بازیاب کرا لیا۔حکومت بلوچستان کے ایک سینیئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز بتایا کہ ’فوج کی ایس ایس جی، لائٹ کمانڈوز، سنائپر، ایف سی کی سپیشل آپریشن اور انسداد دہشت گردی کی ٹیموں کی مشترکہ کارروائی میں کامیابی ملی ہے۔‘انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’حملہ آوروں کو مارنے کے بعد سکیورٹی فورسز کے اہلکار ٹرین تک پہنچ گئے۔‘’مسافر ٹرین اور اس کے قریبی علاقے میں یرغمال بنائے گئے 135 مسافروں کو بازیاب کرالیا گیا اور انہیں ریلیف ٹرین کے ذریعے مچھ ریلوے سٹیشن کی طرف روانہ کردیا گیا۔‘حکومت بلوچستان کے ایک سینیئر افسر کا کہنا تھا کہ ’86 مسافروں کو منگل کی رات اور 77 مسافروں کو بدھ کی صبح ریسکیو کیا گیا تھا، اس طرح مجموعی طور پر 300 کے قریب مسافروں کو بچا لیا گیا ہے۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More