جویریہ سعود کی ویڈیو وائرل

سچ ٹی وی  |  Mar 12, 2025

اداکارہ و ٹی وی میزبان جویریہ سعود کی جانب سے اپنے رمضان شو میں پانی سے متعلق کہی گئی بات کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر صارفین کے درمیان بحث بھی شروع ہوگئی۔

جویریہ سعود نے چند دن قبل اپنے رمضان شو میں اداکارہ ایمن خان کی جانب سے کھانا تیار کرنے کی بات پر کہا کہ تھا کہ ہر کسی کے کھانے بنانے میں اس لیے فرق ہوتا ہے، کیوں کہ پانی کے اندر جذبات ہوتے ہیں۔

ایمن خان نے کہا تھا کہ ان کے گھر میں کھانا تیار کرنے کے لیے ملازمہ موجود ہے لیکن جب بھی وہ کھانا تیار کرتی ہیں تو ان کے شوہر منیب بٹ فورا پہچان لیتے ہیں کہ کھانا کس نے بنایا ہے۔

ان کی بات کے دوران جویریہ سعود نے کہا کہ کھانا بنانے میں اس لیے فرق ہوجاتا ہے، کیوں کہ جس پانی سے ہم کھانا بناتے ہیں، وہ ہماری باتیں سنتا ہے، پھر ہماری باتوں کے مطابق ہی کھانے میں ذائقہ ہوجاتا ہے۔

جویریہ سعود نے دلیل دی تھی کہ جاپانی سائنس دان کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق سے معلوم ہوا کہ پانی میں جذبات ہوتے ہیں، وہ انسان کی باتیں بھی سنتا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ جاپانی سائنس دان نے تجربے کے لیے دو بوتلوں میں پانی ڈال کر ان کے سامنے الگ الگ قسم کی باتیں کیں اور پھر بوتلوں میں موجود پانی کو جانچا۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصے بعد جاپانی سائنس دان نے دیکھا کہ جس پانی کی بوتل کے سامنے انہوں نے منفی اور خراب باتیں کی تھیں، اس بوتل کا پانی خراب ہوچکا تھا۔

ٹی وی میزبان کاکہنا تھا کہ جاپانی سائنس دان نے جس پانی کی بوتل کے سامنے اچھی اچھی باتیں کی تھیں، اس کا پانی ویسا ہی تھا۔

انہوں نے بتایا کہ تحقیق سے ثابت ہوا کہ پانی کے اندر جذبات ہوتے ہیں، وہ انسان کی باتیں سنتا ہے اور جس وقت کھانا تیار کرتے وقت جو شخص جیسے جذبات اور الفاظ کہے گا، کھانا بھی اسی طرح ہی بنے گا۔

ان کی بات پر ایمن خان نے کہا کہ شاید اسی لیے ہی کہا جاتا ہے کہ ماں کے تیار کردہ کھانے جیسا ذائقہ کسی کا نہیں ہو سکتا۔

جویریہ سعود کی جانب سے پانی سے متعلق کہی گئی بات کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔

خیال رہے کہ جاپانی سائنس دان (Masaru Emoto) نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے تحقیق میں پایا کہ پانی جذبات رکھتا اور سمجھتا ہے، وہ انسان کی باتوں کو بھی سنتا ہے اور انسان کی باتوں کا رد عمل بھی دیتا ہے۔

سائنس دان کا کہنا تھا کہ پانی کے سامنے جس طرح کی باتیں کی جائیں گی اور پھر اسے پیا جائے گا تو اس کا انسانی جسم پر اثر بھی باتوں کے حساب سے ہوگا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More