ہم ٹی وی کا نیا ڈرامہ “اگر تم ساتھ ہو “تیزی سے مقبول ہونے لگا

ہم نیوز  |  Mar 11, 2025

حقیقی زندگی کی حسین جوڑی ماورا اور امیر گیلانی ہم ٹی وی کے نئے ڈرامے ”اگر تم ساتھ ہو“ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہورہے ہیں۔

شادی کے بعد اس فنکار جوڑی کا یہ پہلا ڈرامہ ہے جو اسکرین پر پیش کیا جا رہا ہے۔ ویسے تو قبل ازیں بھی یہ جوڑی ڈرامہ سیریل نیم اور ثبات کے ذریعے اسکرین پر ایک ساتھ جلوہ گر ہوچکی ہے. تاہم ماورا اور امیر گیلانی کی حقیقی زندگی کی جوڑی کو اسکرین پر دیکھنا ناظرین کے لیے ایک خوشگوار تجربہ ہو گا۔

ہم ٹی وی سے شروع ہونے والے نئے ڈرامے “اگر تم ساتھ ہو” کہانی ہے ان تین کزنز کی جو بچپن میں دوستی جیسے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ ڈرامے کے مرکزی کردار فرحان، ساحر اور رمشا ہیں۔ ساحر یعنی زاویار نعمان سنجیدہ مزاج، چالاک، سازشی، خودغرض اور ہوشیار طبیعت کا مالک ہے۔ جو اپنے مفاد کے لیے کچھ بھی کرسکتا ہے۔ جبکہ فرحان لاپروا شخصیت کا مالک ہے تاہم  وہ سب کی پرواہ کرتا ہے۔ محبت اور خیال کرنے والا ہے اور ہر وقت ہنستا مسکراتا رہتا ہے۔

رمشا یعنی ماورا حسین بچپن سے اپنے ان دونوں کزنز سے بہت محبت کرتی ہے۔ ان تینوں کا بچپن ساتھ کھیلتے ہوئے گزرا لیکن ان میں سے ایک دیتا ہے دوسرے کو دھوکہ۔ اور یہیں سے ان تینوں کی زندگیاں بدل کر رہ جاتی ہیں۔

کہانی کا ایک کردار نوین بھی ہے جس کا فرحان کی زندگی میں اہم کردار ہے۔ “اگر تم ساتھ ہو” کے مرکزی کردار ماورا حسین، امیر گیلانی، زاویار نعمان، صریحا اصغر، تارہ شفقت محمود، لبنیٰ اسلم، شہریار زیدی اور عدنان جعفر نبھا رہے ہیں۔ جبکہ ڈرامے کے مصنف ہیں رادین شاہ اور ڈائریکٹر عدنان سرور ہیں۔ یہ ڈرامہ مومل پروڈکشنز اور ایم ڈی پروڈکشنز کی پیشکش ہے۔

ڈرامے کی کہانی انتہائی ہموار اور دلچسپ انداز میں بنائی گئی ہے۔ جسے عدنان سرور نے اپنی جاندار ہدایتکاری کی بنیاد پر ایک دیکھنے کے قابل چیز بنا کر پیش کیا ہے۔

ڈرامہ ہے مومل پروڈکشنز کا جہاں مومل شنید نہایت باریک بینی سے ہر بات کا جائزہ لے کر ہی ڈرامے کو اسکرین تک آنے دیتی ہیں۔ مومل شنید قبل ازیں ڈر سی جاتی ہے صلہ اور عشق مرشد جیسے معرکتہ آراء ڈرامے پیش کرچکی ہیں۔ امید ہے کہ یہ ڈرامہ بھی ناظرین میں اپنی بھرپور جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائے گا۔

یہ ڈرامہ 25 فروری سے ہر پیر کی رات 8 بجے پیش کیا جا رہا ہے۔ اس کی پہلی قسط نشر ہوتے ہی ناظرین نے اسے بھرپور پذیرائی دی۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کہانی میں ایک دلچسپ اور تیز رفتار پلاٹ ہے۔ کہانی کا تیز پلاٹ اور کہانی دیکھنے والوں کو اپنی گرفت میں لیے رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اپنی کہانی اور پروڈکشن کے اعتبار سے واقعی یہ ایک بلاک بسٹر سیریل لگ رہا ہے۔ ماورا حسین، زاویار اور امیر گیلانی کی جوڑی نے پہلی ہی قسط میں اپنی جاندار اداکاری سے ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔

ڈرامے کی کہانی جذبات، خاندانی رشتوں اور زندگی کی تلخ حقیقتوں کو خوبصورتی سے پیش کرتی ہے۔ اس میں وہ تمام عناصر ہیں جو ایک شاندار سیریل کو لازمی طور پر دیکھنے کے قابل بناتے ہیں۔

ہم ٹی وی ہمیشہ معیاری پروڈکشن کے لیے جانا جاتا ہے۔ اور یہ ڈرامہ بھی اپنی شاندار لوکیشنز، بیک گراونڈ میوزک اور دل کو چھو لینے والی کہانی کی وجہ سے پسند کیا جا رہا ہے۔

ڈرامے کے مرکزی کرداروں خصوصاً ماورا حسین نے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر اپنی نیچرل اور طاقتور پرفارمنس سے ناظرین کے دل جیت لیے ہیں۔ ان کا ہر سین قدرتی اداکاری سے مزین ہے۔ ہر لباس اور ہر انداز میں ماورا دل جیت رہی ہیں۔

دوسر ی جانب زاویار نعمان اعجاز اور امیر گیلانی بھی منفرد اور شاندار انداز میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔ ان دونوں کی اسکرین کیمسٹری بھی بہت مضبوط نظر آرہی ہے۔

امید ہے کہ آگے چل کر یہ ڈرامہ مزید دلچسپی اختیار کر لے گا۔ یہ ڈرامہ واقعی اپنے ناظرین کو اپنی کہانی اور کرداروں کے ساتھ جڑنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ماورا، امیر گیلانی اور زاویار کی شاندار پرفارمنس کے ساتھ یہ ڈرامہ یقینا ناظرین کی توجہ حاصل کرے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More