ٹی ٹی پی افغانستان کا سب سے بڑا دہشت گرد گروہ، پڑوسیوں کے لیے خطرہ ہے: منیر اکرم

اردو نیوز  |  Mar 11, 2025

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) تیزی سے افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کے لیے ایک چھتری کے طور پر ابھر رہی ہے جس سے اس کے تمام پڑوسیوں کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔

منگل کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان کے حوالے سے بریفنگ کے دوران منیر اکرم نے یہ بھی کہا کہ ’پاکستان کے پاس ایسے شواہد موجود ہیں کہ کابل سرحد پار سے ہونے والے جنگجوؤں کے حملوں میں ملوث ہے۔‘

ان کے مطابق ’ایسا تاثر پایا جاتا ہے کہ ٹی ٹی پی کو کابل کی سرپرستی حاصل ہے اور اس کی القاعدہ کے ساتھ طویل وابستگی کے پیش نظر ٹی ٹی پی نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔‘

منیر اکرم کا یہ بھی کہنا تھا ’پاکستان نے یہ بھی مشاہدہ کیا ہے کہ افغانستان کی عبوری حکومت وہاں القاعدہ، ٹی ٹی پی اور بی ایل اے اور مجید بریگیڈ سے نمٹنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ٹی ٹی پی افغانستان میں سرگرم سب سے بڑی دہشت گرد تنظیم ہے، جس کے پاس چھ ہزار جنگجو موجود ہیں اور وہ پاکستان کے شہریوں اور ریاستی اداروں پر حملے کر رہے ہیں۔

انہوں نے ٹی ٹی پی کو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے بڑھتا ہوا خطرہ قرار دیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پُرعزم ہے اور اپنی سلامتی کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

منیر اکرم کا کہنا تھا کہ ایسے شواہد موجود ہیں کہ کابل سرحد پار سے ہونے والے عسکریت پسندوں کے حملوں میں ملوث ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)

ان کے مطابق ’ہم اپنی سلامتی کے لیے بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہر ضروری اور ممکن اقدام کریں گے۔‘

منیر اکرم نے اس موقع پر عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھی افغانستان سے دہشت گردی کے فوری اور مستقل خاتمے کے لیے موثر اقدامات کرے۔

انہوں نے افغانستان میں موجودہ دہشت گردوں کے پاس جدید ہتھیاروں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں دہشت گردوں سے ایسے جدید ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں جو غیرملکی فوجیں جاتے ہوئے چھوڑ گئی تھیں۔

انہوں نے افغان حکام پر زور دیا کہ یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہتھیار دہشت گردوں سے واپس لے۔

’غیرقانونی افغان باشندوں کو واپس بھجوانے کا سلسلہ رہے گا‘

منیر اکرم نے پاکستان میں موجود افغان باشندوں کو جلد از جلد واپس بھجوانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پناہ گزینوں کی مزید میزبانی کا متحمل نہیں ہے۔

منیر اکرم کا کہنا تھا کہ غیرقانونی افغان باشندوں کو واپس بھجوانے کا سلسلہ جاری رہے گا (فائل فوٹو: روئٹرز)

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو واپس بھجوانے کا عمل جاری رہے گا خصوصاً ان افراد کو جو جرائم میں ملوث ہیں۔

منیر اکرم نے افغانستان میں طویل عرصے سے جاری بدامنی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک ایسا ملک جو 40 برس تک جنگ کا شکار رہا وہاں کے عوام امن کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں تبھی امن آ سکتا ہے جب ایک مستحکم حکومت قائم ہو اور دہشت گرد گروہوں کا خاتمہ کیا جائے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More