کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں ایک بینک لاکر سے 10 کروڑ روپے کی قیمتی جیولری، برانڈڈ گھڑیاں اور غیر ملکی کرنسی چوری ہوگئی۔ متاثرہ شہری، جو گزشتہ 14 سال سے یہ لاکر استعمال کر رہا تھا، 6 فروری کو اپنا سامان رکھ کر گیا، مگر جب 19 فروری کو واپس آیا، تو پورا بکس ہی غائب تھا!
جیسے ہی اس نے بینک عملے کو اطلاع دی، تلاشی کا آغاز ہوا اور حیران کن طور پر بینک کی چھت کی فالز سیلنگ میں سے صرف خالی پاؤچز برآمد ہوئے۔ یعنی چور انتہائی چالاکی سے سارا قیمتی سامان چرا کر غائب ہوگئے، جبکہ ان کی نشانی کے طور پر خالی تھیلیاں چھوڑ گئے۔
متاثرہ شخص نے فوری طور پر درخشاں تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا، جبکہ ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک کو بھی معاملے کی سنگینی سے آگاہ کیا۔ پولیس کے مطابق، معاملے کی گہرائی سے تحقیقات جاری ہیں اور بینک کے عملے سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اگر مزید شواہد سامنے آئے تو کیس میں مزید دفعات شامل کی جا سکتی ہیں۔
یہ واقعہ نہ صرف کراچی بلکہ پورے ملک میں بینک لاکرز کی سیکیورٹی پر سوالیہ نشان کھڑا کر رہا ہے۔