میرا بیٹا مصطفیٰ کے بڑے بھائیوں کی طرح تھا۔۔ تشدد کر کے جھوٹا بیان دلوایا جارہا ہے ! ساجد حسن نے اکلوتے بیٹے کو پھنسانے کا الزام کسے دے دیا؟

ہماری ویب  |  Mar 03, 2025

’’میرے بیٹے کو زدوکوب کرکے اپنی مرضی کا بیان دلوایا گیا۔ یہ دوسری بار ہے کہ پولیس نے میرے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ کیا میں اسے اتفاق کہوں یا سازش؟‘‘

پاکستان کے سینئر اداکار ساجد حسن نے مصطفیٰ عامر قتل کیس میں پولیس کے کردار پر سنگین سوالات اٹھاتے ہوئے دھماکہ خیز انکشافات کیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے ساحر حسن کو نہ صرف تشدد کا نشانہ بنایا گیا بلکہ زبردستی ایک خاص بیان دینے پر مجبور کیا گیا۔

’’مجھے یقین ہے کہ ارمغان قاتل نہیں ہے۔ یہ ایک گورکھ دھندا ہے۔ اصل حقائق کو مسخ کرکے ایک نیا زاویہ بنا دیا گیا ہے۔‘‘

پریس کانفرنس میں ساجد حسن نے پولیس پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چار سال قبل بھی ان کے خاندان کو ایک ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا، مگر وہ اس وقت سرخرو ہوئے۔ ان کے مطابق، اس کیس میں کچھ طاقتور عناصر پسِ پردہ کھیل کھیل رہے ہیں جو اصل مجرموں کو بچانے اور معاملے کو غلط سمت موڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

’’میرا بیٹا مصطفیٰ کے قاتلوں کی گرفتاری کی خواہش کی بھاری قیمت ادا کر رہا ہے۔‘‘

اداکار نے کہا کہ ان کے بیٹے ساحر حسن کا مصطفیٰ عامر کے ساتھ بھائیوں جیسا رشتہ تھا اور وہ صرف انصاف کی کوشش کر رہا تھا، مگر اسی کوشش میں اسے قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کی اہلیہ شدید بیمار ہیں اور اس ہولناک صورتحال نے پورے خاندان کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔

’’اس سارے کھیل تماشے میں کچھ بڑے نام ملوث ہوسکتے ہیں۔ بگ باس کو ڈھونڈا جائے۔‘‘

ساجد حسن نے واضح الفاظ میں مطالبہ کیا کہ اس کیس کی غیرجانبدارانہ اور شفاف تفتیش ہونی چاہیے تاکہ اصل مجرموں کو بے نقاب کیا جا سکے۔ ان کے بقول، اگر انصاف نہ ملا تو یہ صرف ان کے خاندان کا نہیں بلکہ پورے نظام کا المیہ ہوگا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More