مکمہ زراعت پنجاب کے مطابق حالیہ بارش کے کھڑی فصلوں خصوصاً گندم پر شاندار اثرات مرتب ہوں گے۔
ترجمان مکمہ زراعت پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں بارش کے اثرات سے گندم کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔ باران رحمت سے پنجاب کےراولپنڈی ڈویژن کے تقریباً تمام علاقے مستفید ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ بارش سے فصلوں کو فصائی نائٹروجن ملی۔ گندم کی فصل گوبھ کے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ اس مرحلے پر گندم کی فصل کے لیے بارش بہت زیادہ سود مند ہوتی ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ جمعہ باران رحمت کے لیے محکمہ زراعت پنجاب کے تحت نمازاستسقاء کی ادائیگی کی گئی۔
دوسری طرف پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کے باعث صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ رات سے لاہور میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ اور سب سے زیادہ بارش راولپنڈی میں 23 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اٹک 22، جہلم اور جھنگ میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ چکوال، مری، گوجرانوالہ، قصور، گجرات میں 14 ملی میٹر تک بارش ہوئی۔ شیخوپورہ 12، سیالکوٹ 9 اور ٹوبہ ٹیک سنگھ 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ترجمان کے مطابق اوکاڑہ، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، منڈی بہاوالدین، ساہیوال اور ملتان میں بھی بارش ہوئی۔ بارشوں کا اسپیل 21 فروری تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔