ایئر کراچی کی لائسنس کے لیے درخواست، ’امید ہے بہتر کسٹمر سروس دے گی‘

اردو نیوز  |  Feb 20, 2025

نئی آنے والی فضائی کمپنی ایئر کراچی نے کہا ہے کہ وہ ملک میں ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ (آر پی ٹی) آپریٹر کے طور پر خدمات فراہم کرے گی، جن میں مسافر اور کارگو دونوں سروسز شامل ہوں گی۔

18 فروری کو کراچی کے تاجروں نے اپنی ایئر لائن ’ایئر کراچی‘ کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو باقاعدہ طور پر لائسنس حاصل کرنے کی درخواست جمع کرائی تھی، جس سے اس کے آپریشن شروع کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

گزشتہ برس نومبر میں کراچی کے تاجروں نے اندرون ملک اپنی ایئر لائن سروس شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان شاہد قادر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ایئر کراچی کی انتظامیہ کی جانب سے درخواست میں کمپنی کے کاروباری منصوبے اور دیگر ضروری معلومات شامل ہیں، جو ایئرلائن کے مستقبل کے عزائم کو واضح کرتی ہیں۔

ایئر کراچی کی رجسٹریشن اور خدمات

ایئر کراچی نومبر 2024 میں سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں رجسٹرڈ ہوئی تھی۔ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ (آر پی ٹی) آپریٹر کے طور پر مسافر اور کارگو دونوں سروسز فراہم کرے گی۔

ایئر لائن کے ترجمان نے بتایا کہ سی اے اے کے تمام ریگولیٹری تقاضوں پر مکمل عملدرآمد کیا گیا ہے، اور لائسنس کے اجرا کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

گزشتہ سال  کراچی کے تاجروں نے اندرون ملک اپنی ایئر لائن سروس شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ (فوٹو: روئٹرز)پروازوں کے آغاز اور مستقبل کے منصوبے

ایئر کراچی کے ترجمان کے مطابق، آر پی ٹی لائسنس کے حصول کے بعد ایئر لائن ملک کے اندرونی روٹس پر اپنی پروازیں شروع کرے گی۔ کمپنی نے مستقبل میں بین الاقوامی پروازوں کے لیے بھی منصوبہ بندی کی ہے، تاکہ پاکستانی مسافروں اور تاجروں کو مزید سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

مسافروں کی رائے

ایئر کراچی کی آمد پر مسافروں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ کراچی کے رہائشی ارسلان علی کا کہنا تھا کہ ’نئی ایئر لائن کے آنے سے ہمیں زیادہ سفری آپشنز ملیں گے۔ مارکیٹ میں مقابلے سے کرایے کم ہوں گے، اور سروس کے معیار میں بھی بہتری آئے گی۔‘

ایک اور مسافر فرحین زاہد نے کہا کہ ’بہت عرصے سے ہم ایک نئی اور مقامی ایئر لائن کے منتظر تھے۔ امید ہے کہ ایئر کراچی ہمیں وقت پر پروازوں کی سہولت فراہم کرے گی اور بہتر کسٹمر سروس دے گی۔‘

تاجر برادری کے نمائندے زاہد یونس کا کہنا تھا کہ "کارگو سروسز کے لیے ایک نئی ایئر لائن بہت ضروری تھی۔ امید ہے کہ ایئر کراچی کارگو ٹرانسپورٹیشن کے مسائل کو بھی حل کرے گی اور جلدی سامان کی ترسیل ممکن بنائے گی۔"

ایئر لائن انڈسٹری میں ایئر کراچی کا اضافہ

ہوا بازی کے ماہرین کے مطابق، ایئر کراچی کی آمد ملک کی ہوا بازی کی صنعت میں ایک خوش آئند اضافہ ہے۔ نئی ایئر لائن سے مسافروں کو زیادہ آپشنز ملیں گی اور ملک میں فضائی مسابقت بڑھے گی، جس سے سروسز کے معیار میں بہتری اور کرایوں میں ممکنہ کمی آنے کا امکان ہے۔

نئی فضائی کمپنیاں لائسنس کے لیے سول ایوی ایشن کو درخواست دیتی ہیں۔ (فائل فوٹو)ایئر لائن کے لیے جہازوں کی ضروریات

پاکستان میں ایئرلائن آپریشنز کے لیے کم از کم تین طیارے مسافر سروسز اور ایک طیارہ کارگو سروس کے لیے درکار ہوتا ہے۔ یہ طیارے حکومت یا سی اے اے کی طے کردہ شرائط کے مطابق ڈرائی لیز یا ملکیتی بنیادوں پر حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

پاکستان میں ایئر فلیٹ کی رجسٹریشن ایئر آپریٹنگ سرٹیفکیٹ (اے او سی) کے اجرا کے لیے ایک لازمی شرط ہے۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سابق سینیئر نائب صدر حنیف گوہر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ایئرلائن کی رجسٹریشن سمیت تمام ضروری مراحل جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔

’اب ہم سول ایوی ایشن اتھارٹی سے مسلسل رابطے میں ہیں، اور امید ہے کہ لائسنس جلد حاصل ہو جائے گا۔ بہت جلد پاکستان کی فضاؤں میں ایئر کراچی کے طیارے پرواز کرتے نظر آئیں گے۔‘

ایئر کراچی کی آمد سے ملک میں ہوابازی کے شعبے میں ایک نئی توانائی آنے کی امید ہے۔ تجارتی اور سیاحتی شعبے کے لیے مزید سفری سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ مسافروں کو بھی مزید آسانی اور انتخاب کے مواقع ملیں گے۔ اس نئے اضافے کو ملکی معیشت کے فروغ کے لیے بھی ایک مثبت قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More