ٹرمپ کا روس یوکرین جنگ بندی کا بیان، برطانیہ اور نیٹو کا سخت رد عمل

سچ ٹی وی  |  Feb 13, 2025

برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی کا کہنا ہے کہ یوکرین کی شمولیت کے بغیر یوکرین کے بارے میں کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔

برسلز میں نیٹو کے وزرائے دفاع کے اجلاس کے دوران برطانیہ کے وزیر دفاع جان ہیلی نے یوکرین جنگ کے بارے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نیٹو کا کام یوکرین کو کسی بھی مذاکرات کے لیے مضبوط ترین پوزیشن میں رکھنا ہے۔

جان ہیلی کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیٹو کے ذریعے یوکرین کی مدد کے بارے میں نئے اعلانات کیے جائیں گے، جس میں یوکرین کے فوجی اہلکاروں کے لیے اربوں ڈالر کی نئی فائر پاور فرنٹ لائن پر ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم پائیدار امن دیکھنا چاہتے ہیں اور تنازعات اور جارحیت کی طرف واپس نہیں آنا چاہتے، ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ روس یوکرین سے باہر بھی ایک خطرہ بنا ہوا ہے۔ جان ہیلی نے کہا کہ برطانیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ کیف مذاکرات اور لڑائی کی مضبوط پوزیشن میں ہے، اور ان کا مقصد ’پائیدار امن‘ مقصد ہے۔

روس آئندہ یوکرین کی زمین پر قبضہ نہ کرے، سیکریٹری جنرل نیٹو

نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے نے کہا ہے کہ کسی بھی امن معاہدے پر پہنچنے کے لیے ضروری ہے کہ روس مستقبل میں یوکرین کی سرزمین پر قبضہ کرنے کی مزید کوشش نہ کرے۔

یہ بیانات ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد سامنے آئے ہیں، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اور ولادیمیر پیوٹن نے جنگ کے خاتمے کے لیے فوری’ مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے اور جلد ان کی سعودی عرب میں ملاقات ہوگی۔

یوکرین کا مستقبل نیٹو میں ہے، سویڈش وزیر دفاع

سویڈن کے وزیر دفاع نے کہا کہ یوکرین مستقبل میں بھی نیٹو کا رکن بن سکتا ہے۔

برسلز میں نیٹو سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پال جونسن کا کہنا تھا کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ یوکرین کے لیے نیٹو کی رکنیت ختم ہو جائے گی۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مؤقف سب کو معلوم ہے اور ہم واشنگٹن سمٹ میں کہی گئی بات کے پیچھے کھڑے ہیں کہ یوکرین کا مستقبل نیٹو میں ہے، جب وہاں عام حالات لوٹ آئیں گے، اور لوگ معمول کی زندگی بسر کریں گے۔

امن کی کوششیں خیانت نہیں، امریکی وزیر دفاع

امریکی وزیر دفاع ہیگ سیٹھ نے کہا ہے کہ یوکرین اور روس کے درمیان امن مذاکرات کی امریکی کوششیں یقینی طور پر یوکرین کے فوجیوں کے ساتھ خیانت نہیں ہیں، جو گزشتہ 3 سال سے حملے کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

ہیگ سیٹھ نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا نے نیٹو کے ساتھ ناقابل یقین عزم کیا ہے، یوکرین مشن کے لیے امریکا سے بڑا عزم کسی اور ملک کا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس کی جارحیت کے بعد امریکا نے فرنٹ لائن کو مستحکم کرنے کے لیے 300 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے، دنیا خوش قسمت ہے کہ صدر ٹرمپ موجود ہیں اور اس وقت، صرف وہ ہی امن لانے کے لیے طاقتوں کو اکٹھا کرسکتے ہیں۔

نیٹو اجلاس کے دوران بھی یوکرین جنگ جاری

برسلز میں نیٹو کے دفاعی سربراہان کی ملاقات کے دوران روس اور یوکرین کے درمیان لڑائی جاری ہے۔

یوکرین کی فضائیہ کا کہنا ہے کہ اس نے رات گئے 140 ڈرونز کے حملے ریکارڈ کیے، جس کا آغاز مقامی وقت کے مطابق 20 بجے ہوا، اطلاعات کے مطابق اوڈیسا اور کھرکیو کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔

یوکرینی فوج کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس نے حملے کا دفاع کیا، اور مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے تک اس بات کی تصدیق کی کہ 85 ڈرون مار گرائے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More