کلونجی، جسے عام طور پر کھانوں میں ذائقے کا اضافہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، دراصل صحت کے حوالے سے بھی بہت سی فوائد کی حامل ہے۔ یہ نہ صرف ایک عام جڑی بوٹی ہے، بلکہ صدیوں سے مختلف بیماریوں کا علاج کرنے کے لیے بھی استعمال ہو رہی ہے۔
کلونجی کو مختلف طریقوں سے اپنی خوراک میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ اسے صبح خالی پیٹ ایک چمچ پانی کے ساتھ کھایا جائے۔ آپ کلونجی کا تیل بھی استعمال کر سکتے ہیں، جسے آپ اپنے کھانوں میں ڈال کر یا پھر روزانہ ایک چمچ پینے کے طور پر لے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، آپ اسے دہی، سالن یا شوربے میں بھی ملا کر کھا سکتے ہیں تاکہ اس کے فوائد کو بہتر طور پر جذب کیا جا سکے۔ اگر آپ چاہیں تو اس کا پاؤڈر بنا کر اسے شہد یا لیموں کے رس کے ساتھ بھی لے سکتے ہیں، جو صحت کے لیے مزید فائدہ مند ثابت ہو گا۔
اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور
کلونجی میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس ہمارے جسم میں موجود نقصان دہ عناصر سے لڑتے ہیں اور خلیوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ ان اینٹی آکسیڈنٹس کی بدولت یہ کینسر، ذیابیطس، موٹاپے، اور دل کی بیماریوں سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
کولیسٹرول کو کم کرنے میں مددگار
کولیسٹرول کا بڑھنا دل کی بیماریوں کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ کلونجی کو اس خطرے کو کم کرنے کے لیے مؤثر مانا جاتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق، روزانہ 2 گرام کلونجی کا استعمال خون میں نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کو کم کرتا ہے۔
کینسر سے لڑنے کی طاقت
کلونجی میں اینٹی آکسیڈنٹس کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ہو سکتی ہے۔ اگرچہ انسانوں پر اس پر زیادہ تحقیق نہیں ہوئی، مگر یہ نباتاتی مرکبات کینسر سے بچاؤ کے لیے مفید ہیں۔
جراثیموں سے بچاؤ
کلونجی نہ صرف جسم کے اندر موجود جراثیموں سے لڑنے میں مدد دیتی ہے بلکہ نمونیا اور کانوں کے انفیکشن جیسے مسائل سے بھی بچاتی ہے۔ یہ قدرتی طور پر جسم کی مدافعتی طاقت بڑھاتی ہے۔
جسمانی ورم میں کمی
جسم میں ورم بڑھنے سے کئی دائمی امراض جیسے ذیابیطس اور دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھتا ہے۔ کچھ تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کلونجی جسم میں ورم کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
جگر کے لیے فائدے
جانوروں پر کی جانے والی تحقیق میں یہ ثابت ہوا ہے کہ کلونجی جگر کو مختلف نقصانات سے بچانے میں مدد دیتی ہے۔ یہ جگر میں موجود زہریلے مواد کو کم کر کے اس کی صحت کو بہتر بناتی ہے۔
بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنا
اگر آپ کو ذیابیطس کی پریشانی ہے تو کلونجی آپ کے لیے مفید ثابت ہو سکتی ہے۔ مختلف تحقیقی رپورٹس کے مطابق، کلونجی بلڈ شوگر کی سطح کو مستحکم رکھنے میں مدد دیتی ہے، اور کچھ تحقیقات میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ یہ انسولین کی حساسیت کو بہتر بناتی ہے۔
معدے کے السر سے تحفظ
کلونجی کا استعمال معدے کے السر کے خلاف تحفظ فراہم کرتا ہے۔ یہ معدے کی دیوار کو مضبوط بناتی ہے اور اس کی صحت کو بہتر کرتی ہے۔