مصر اور اردن فلسطینیوں کی بے دخلی کے بغیر غزہ کی تعمیر نو پر متفق ہوگئے۔ مصری صدارتی دفتر کے مطابق مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کا اردن کے شاہ عبداللہ سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنما فلسطینیوں کی بےدخلی کے بغیر غزہ کی تعمیر نو پر متفق ہوئے۔
مصری صدارتی دفتر کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ غزہ کی تعمیر نو فلسطینیوں کی بےدخلی کے بغیر ہونی چاہیے۔
مصری صدارتی دفتر کے مطابق دونوں صدور نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے صدر ٹرمپ سے تعاون کے خواہشمند ہیں۔
واضح رہے کہ اردن ، مصر اور سعودی عرب فلسطینیوں کی بے دخلی کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا منصوبہ مسترد کرچکے ہیں۔
اس سے قبل اردن کے شاہ عبداللہ نے امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے بعد کہا کہ ملاقات میں غزہ سے فلسطینیوں کی نقل مکانی مسترد کرنے کا اعادہ کیا اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر زور دیا۔