سوشل میڈیا پرمزاحیہ اندازمیں گلوکاری کرکے مقبول ہونے والے چاہت فتح علی خان نے لوگوں کو گلوکاری سکھانے کے لیے اپنی میوزک اکیڈمی بنانےکا اعلان کردیا۔
چاہت فتح علی خان ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئے جہاں میزبان اور حاضرین کی جانب سے پوچھےگئے سوالوں کے دلچسپ جوابات دیئے۔
ایک سوال کے جواب میں چاہت فتح علی خان نے بتایا کہ وہ عنقریب لاہور میں چاہت فتح علی خان اکیڈمی کھولنے جارہے ہیں جہاں گلوکاری کے ساتھ ایکٹنگ بھی سکھائی جائےگی۔
شو میں میزبان کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ آپ خود کو سنگل کہتے ہیں کس لڑکی سے شادی کریں گے؟ اس کے جواب میں چاہت فتح علی خان نے کہا کہ میں آپ جیسی لڑکی سے شادی کرنا چاہتا ہوں اور پچھلے ایک سال سے آپ کے پیچھے پڑا ہوں۔
چاہت فتح علی خان ملکہ ترنم نور جہاں کے مشہور گانے "بدو بدی" کا ری میک بنانے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ہیں۔