سینئر اداکارہ و ٹی وی میزبان مشی خان نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں وہ بطور ایئر ہوسٹس بھی کام کر چکی ہیں اور یہ کہ شوبز کیریئر کے بعد انہوں نے فضائی میزبانی کی ملازمت اختیار کی۔
مشی خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے زندگی کے مختلف پہلووں کے علاوہ اپنے پہلے ڈرامے اور آڈیشن کے دلچسپ تجربات بھی شیئر کیے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ٹوٹے ہوئے دل پر آنسو بہاتے رہنا سمجھداری نہیں، زندگی میں کچھ لوگوں کا بچھڑنا نقصان نہیں ہوتا، لہٰذا خود کو سنبھال کر آگے بڑھ جانا چاہیے۔
آئیڈیل شریک حیات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ زندگی میں آئیڈیل یا بے عیب کچھ نہیں ہوتا اور یہی اس کی خوبصورتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی سوشل میڈیا پر میرے خلاف باتیں کرتا ہے تو میں اسے گھر تک چھوڑ کر آتی ہوں، جب کہ اگر کوئی جاننے والا ایسی حرکت کرے تو اسے دوسرا موقع دینے کی روادار نہیں ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے کئی لوگ سمجھاتے ہیں کہ معاف کرنے والی بنو، لیکن معاف کرنے والی ذات اللہ کی ہے،میں اپنے خلاف باتیں کرنے والے شخص دور رہنا پسند کرتی ہوں اور رابطہ منقطع کر دیتی ہوں۔
مشی خان نے اپنے والد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے اس موڑ پر بابا کی کمی بہت محسوس ہوتی ہے، جن کا انتقال عرسہ کی شوٹنگ مکمل ہونے کے کچھ روز بعد ہوگیا تھا۔
اداکارہ نے اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ان کی باتیں آج تک یاد ہیں اور اب بابا کی دی گئی نصیحتوں کا مطلب سمجھ آتا ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ بطور ہوائی میزبان بھی کام کر چکی ہیں۔
بطور ایئر ہوسٹس کیرئر پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس ملازمت نے میری زندگی بدل کر رکھ دی، مجھے خود انحصاری اور خود اعتمادی سکھائی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایئر لائن کی ملازمت کے دوران کبھی محسوس نہیں ہوا کہ شوبز انڈسٹری سے وابستہ تھی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرا اصل نام مشی خان نہیں گل آرزو خان ہے۔
انہوں نے ماضی کے اور آج کے ڈراموں کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ اس زمانے میں حقائق پر مبنی ڈرامے بنتے تھے۔
اپنے پہلے آڈیشن اور عروسہ کے یاد گار کردار سے متعلق ذکر کرتے ہوئے مشی خان کا کہنا تھا کہ جب میں آڈیشن دے کر آئی تو پتا چلا کہ وہ کردار کسی کی فرمائش پر کسی اور لڑکی کو دے دیا گیا ہے اور مجھے سپورٹنگ رول آفر کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے سپورٹنگ رول کرنے سے یہ کہہ کر منع کردیا تھا کہ اگر پہلی مرتبہ سپورٹنگ رول کرلیا تو اسی طرز کے کرداروں کی چھاپ لگ جائے گی۔
بعدازاں، کچھ روز بعد پی ٹی وی سے دوبارہ کال آئی اور بتایا گیا کہ مجھے ’عروسہ‘ کے کردار کے لیے منتخب کرلیا گیاہے۔
انہوں نے انڈسٹری کے دیگر فن کاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اپنی مقبولیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سماجی مسائل اورجانوروں کے حقوق پر آواز اٹھانی چاہیے۔
سوشل میڈیا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا الیکٹرانک میڈیا پر حاوی ہوچکا ہے اور اس پر ایکٹیو رہنا بہت ضروری ہے۔