پاکستانی شخصیات سن گلاسز لگا کر جہاز میں سفر کیوں کرتے ہیں، جگن کاظم نے انکشاف کر دیا

سچ ٹی وی  |  Feb 04, 2025

اداکارہ و ٹی وی میزبان جگن کاظم نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے سینئر فن کار پروڈکشن ہاؤسزیا ایونٹ آرگنائزرز سے ایک ایک برگر کے پیسے وصول کرتے ہیں۔

جگن کاظم کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں، وہ ٹی وی شو میزبان کے ساتھ اداکارہ بھی ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے سفری تجربات کے ساتھ پاکستانی اداکاروں کے رویوں پر بھی کھل کر بات کی۔

سفری تیاروں پر بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں بہت ہی منظّم انداز میں پیکنگ کرتی ہوں اور 5 روز قبل ہی تیاری مکمل کرلیتی ہوں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کبھی اضافی سامان کے ساتھ سفر نہیں کرتی اسی لیے سامان کے اضافی چارجز دینے سے بچ جاتی ہوں۔

ان کا بنکاک کے سفر کے دوران دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے کہنا تھا کہ لوگ اضافی سامان کے چارجز بچانے کے لیے کئی حربے آزماتے ہیں، ایک شخص نے اضافی چارجز بچانے کے لیے شدید گرمیوں میں جیکٹس اور کئی گرم کپڑے پہنے ہوئے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ چھوٹے بچوں کو آپ کہیں بھی، کسی بھی ملک لے جائیں، انہیں یاد نہیں رہتا۔

میں اپنے والدین کے ساتھ کم عمری میں کئی ممالک گئی، تاہم وہ اب مجھے یاد ہی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ میں ابھی تک اپنے دونوں بچوں حسن اور نور کو بیرون ملک سیر و تفریح کے لیے نہیں لے کر گئی، کیوں کہ وہ ابھی بہت چھوٹے ہیں اور انہیں کچھ یاد ہی نہیں رہے گا۔

اداکارہ نے جہاز میں بزنس کلاس میں سفر کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ شروع شروع میں بزنس کلاس میں سفر کے لیے خاصی پُر جوش رہتی تھی۔

خیال تھا کہ بزنس کلاس میں ملکہ کی طرح سفر کروں گی لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہوتا۔

انہوں نے پاکستانی سیلیبریٹیز کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ جہاز میں ہماری شخصیات کے علاوہ اور کوئی سن گلاسز لگا کر نہیں بیٹھتا۔

انہوں نے خود انحصاری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ آج تک جو کیا، اپنے بل بوتے پر کیا، یہ نہیں کہ کبھی کسی نے جہاز کا ٹکٹ خرید کر دیا، تو کبھی کسی اور نے، تاہم جب میں کام کے لیے سفر کرتی ہوں تو یہ ڈیمانڈ کرتی ہوں کہ بزنس کلاس کا ٹکٹ لے کر دیں۔

کام کے دوران بیرون ملک جانے کے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں ایک ایونٹ کے لیے بیرون ملک گئی، جہاں انڈسٹری کے ایک سینئر فن کار بھی ساتھ تھے۔

ان فن کار نے محض 6 ڈالر کا ایک برگر خریدا اور اس کی رسید ایونٹ انتظامیہ کو تھمادی۔

فن کار کے رویے پر بات کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ان موصوف نے ایونٹ کمپنی سے کہا کہ میں نے یہ برگر کھایا تھا اور اب مجھے اس کے پیسے چاہئیں، جس پر لڑائی بھی ہوگئی۔

انہوں نےانڈسٹری کے مزید فن کاروں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک جا کر ایک ایک چیز کی رسید پکڑا دینا درست رویہ نہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More