برطانیہ کا پناہ کے متلاشی افراد پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ، پارلیمنٹ میں بل پیش

اردو نیوز  |  Jan 31, 2025

برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر کی حکومت ’پناہ کے متلاشی‘ اُن افراد پر پابندی برقرار رکھے گی جو جدید غلامی اور انسانی حقوق کے قوانین کے تحت تحفظ کا دعویٰ کرتے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر پر ہزاروں افراد سے نمٹنے کے لیے دباؤ ہے جو ہر سال چھوٹی کشتیوں پر سوار ہو کر برطانیہ پہنچتے ہیں۔

جمعرات کو برطانیہ کی پارلیمنٹ میں بارڈر سکیورٹی، اسائلم اینڈ امیگریشن بل پیش کیا گیا جو پولیس کو پناہ کے متلاشی افراد کے موبائل فون ضبط کرنے کی اجازت دے گا تاکہ سمگلروں کا سراغ لگایا جا سکے۔

جولائی میں اقتدار حاصل کرنے والی لیبر پارٹی گذشتہ کنزرویٹو حکومت کی طرف سے منظور کردہ قانون سازی کے کچھ حصوں کو برقرار رکھنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔

لیبر پارٹی نے پارلیمنٹ میں ان اقدامات کے خلاف ووٹ دیا تھا جب 2023 میں ان پر قانون سازی کی گئی تھی۔

جیس فلپس جو اب جونیئر وزیر داخلہ ہیں، نے 2023 میں کہا کہ ’یہ قانون سازی سمگلروں کا خواب ہے کیونکہ یہ جدید غلامی کے شکار افراد کو چھپا دے گی۔‘

کیئر سٹارمر کے دفتر اور وزارت داخلہ نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

رائے عامہ کے تجزیے کی ویب سائٹ یوگو کی جانب سے شائع کردہ ٹریکر پول کے مطابق امیگریشن اور سیاسی پناہ ووٹروں کے لیے معیشت اور صحت کے بعد سب سے اہم مسئلہ ہے۔

حکومتی اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ گزشتہ سال 36,816 افراد چھوٹی کشتیوں کے ذریعے برطانیہ پہنچے۔ یہ تعداد 2023 میں برطانیہ پہنچنے والے 29,437 افراد سے 25 فیصد زیادہ ہے۔

چینل کراسنگ پر تازہ ترین حکومتی اعدادوشمار کے مطابق 2018 میں جب سے ڈیٹا اکھٹا کیا گیا، 2024 وہ دوسرا سال ہے جس میں سب سے بڑی تعداد میں تارکین نے برطانیہ کا رُخ کیا۔

گذشتہ برس برطانیہ کی لیبر حکومت نے پناہ کے متلاشی افراد کا بیک لاگ ختم کرنے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا تھا۔

برطانوی وزیراعظم پر ہزاروں افراد سے نمٹنے کے لیے دباؤ ہے جو ہر سال چھوٹی کشتیوں پر سوار ہو کر برطانیہ پہنچتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

برطانیہ میں جولائی میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران چھوٹی کشتیوں پر برطانیہ میں غیرقانونی آمد کو روکنا ایک اہم معاملہ تھا۔

ملک میں عام انتخابات سے قبل لیبر پارٹی کے شیڈو امیگریشن وزیر سٹیفن کنوک نے کہا تھا کہ رشی سونک کی حکومت نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مناسب کام نہیں کیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’چونکہ حکومت کی تمام کوششیں چند سو افراد کو روانڈا پہنچانے پر مرکوز ہیں، لیکن اس کی نظر ان ہزاروں افراد کی طرف نہیں ہے جو ہر ماہ انگلش چینل عبور کر رہے ہیں۔‘

اقتدار سنبھالنے کے چند ہی دنوں کے اندر برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر نے تارکین وطن کو روانڈا بھیجنے کی متنازع سکیم ختم کر دی تھی۔

برطانوی وزیراعظم نے انسانی سمگلنگ کرنے والے گروہوں کو ختم کرنے کا وعدہ کیا جو چینل کراسنگ کا انتظام کرتے ہیں اور تارکین وطن سے ہزاروں یورو کا لین دین کرتے ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More