بالی وڈ اداکار سیف علی خان اور ان کی اہلیہ کرینہ کپور نے میڈیا سے بچوں کی تصاویر نہ لینے کی درخواست کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار جوڑی کی جانب سے یہ درخواست حال ہی میں گھر میں ڈکیتی اور سیف کے زخمی ہونے کے بعد کی گئی ہے۔
بالی وڈ جوڑے کے منیجر کی جانب سے پاپارازی(فوٹو گرافرز ) سے دونوں بچوں تیمور اور جہانگیر (جے) کی تصاویر نہ لینے کی درخواست کی گئی ہے۔
جوڑے کے جانب سے کہا گیا ہے کہ گارڈن ہو، کوئی تقریب یا کسی کھیل کی سرگرمی، بچے چاہے کہیں بھی کیوں نہ ہوں ان کی تصویر نہ لی جائے۔
جوڑے کے منیجر نے کہا کہ البتہ سیف اور کرینہ کی کسی بھی تقریب کی تصویر لی جاسکتی ہے لیکن فوٹو گرافرز ان کی رہائش گاہ کےباہر موجود نہ رہیں اور ان کی گھر آمدورفت کی تصاویر بھی نہ لی جائیں۔
سیف پر حملے کا پس منظر
16 جنوری کو رات 3 بجے کے قریب سیف علی خان کے ممبئی کے باندرا والے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنایا تھا۔
مزاحمت کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے انہیں 6 زخم آئے جن میں سے 2 کافی گہرے تھے جبکہ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تھا۔
سیف علی خان کو زخمی ہونے کے بعد گھر کی گاڑی کے بجائے رکشہ میں مقامی اسپتال پہنچایا گیا۔
اسپتال پہنچنے پر سیف کا آپریشن کرکے ان کی ریڑھ کی ہڈی سے چاقو کا 2.5 انچ کا ٹکڑا نکالا گیا اور اداکار کو تقریباً 6 دن کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا جب کہ ملزم کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔