عمر ایوب، شبلی فراز سمیت پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں پر فرد جرم عائد

ہم نیوز  |  Jan 29, 2025

فیصل آباد: انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنماؤں پر فرم جرم عائد کر دی۔

انسداد دہشتگردی عدالت فیصل آباد میں 9 مئی کے 2 مقدمات کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عمر ایوب، شبلی فراز، جنید افضل ساہی، کنول شوذب، فواد چودھری سمیت دیگر پر فرد جرم عائد کر دی۔

عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں پر فرد جرم عائد کرنے کے بعد دونوں مقدمات کی سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی۔

مقدمات میں حساس ادارے کی عمارت اور تھانہ غلام محمد آباد پر حملہ شامل ہیں۔

دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں ساںحہ 9 مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید، زرتاج گل، سیمابیہ طاہر، راشد شفیق سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت مذاکرات کرنا ہی نہیں چاہتی تھی ، بیرسٹر گوہر

عدالت نے تمام ملزمان کی حاضری لگانے کے بعد مقدمات کی سماعت 20 فروری تک ملتوی کر دی۔ مقدمات میں گزشتہ روز بھی کوئی کارروائی نہ ہو سکی تھی۔

وکلا صفائی نے سانحہ 9 مئی کے تمام مقدمات کی ایک ساتھ سماعت کے لیے درخواست بھی دائر کر دی۔ مؤقف اختیار کیا گیا کہ جی ایچ کیو حملہ کیس کو دیگر 9 مئی مقدمات سے الگ کرنے کا فیصلہ ختم کیا جائے۔

ایک اور مقدمے میں وفاقی دارالحکومت کی مقامی عدالت میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے خلاف اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے۔

پولیس نے آج بھی تعمیلی رپورٹ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جمع نہیں کروائی۔

علی امین گنڈاپور کے وکیل ظہور الحسن نے کہا کہ ملزم شریف بندہ ہے عدالت میں پیش ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پیکا ترمیمی ایکٹ کالعدم قرار دیا جائے ، لاہور ہائیکورٹ میں درخواست

جج نے ریمارکس دیئے کہ اگر ملزم شریف ہے تو اشتہاری قرار دیتے ہیں۔ آپ چاہیں گے کہ دسمبر کے بعد کی تاریخ ڈال دیں۔

عدالت نے کیس کی سماعت 25 فروری تک ملتوی کر دی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More