بھارتی اداکارہ و ماڈل راکھی ساونت نے ہانیہ عامر سے ملاقات کیلئے پاکستان آنے کا اعلان کردیا۔
راکھی ساونت کی جانب سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہے جس میں انہوں نے بیگ سمیت ائیر پورٹ پر دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو پیغام میں راکھی پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ وہ پاکستان آرہی ہیں اور ہانیہ عامر کے گھران کے ساتھ رہنا چاہتی ہیں۔
راکھی نے کہا کہ ’میں پاکستان کے سب بڑے اسٹارز ہانیہ، نرگس اور دیگر سے ملنا چاہتی ہوں اس لئے پاکستان آرہی ہوں، ہانیہ مجھے ائیر پورٹ پر پِک کرنے آجاؤ‘۔
سوشل میڈیا پر راکھی ساونت اور ہانیہ عامر کے درمیان ویڈیوز پیغامات کا سلسلہ جاری ہے جس پر صارفین کی جانب سے دلچسپ ردعمل بھی سامنے آرہے ہیں۔
راکھی کی اس ویڈیو پر صارفین مزاحیہ انداز میں ہانیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ہانیہ راکھی پاکستان آرہی ہے تم پاکستان سے چلی جاؤ۔
ہانیہ عامر نے بھی راکھی کے اس ویڈیو پیغام پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں صرف یہ کہنا چاہتی ہوں کہ پہلے میری زندگی بہت غمگین تھی اور پھر میری زندگی میں راکھی ساونت آگئیں، راکھی جی میں آپ کو ائیر پورٹ لینے آرہی ہوں‘۔
راکھی ساونت کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم کو پاکستان جانے کی دھمکی دینے کی مختصر ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اداکارہ کی جانب سے ممکمنہ طور پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کے ایئرپورٹ پر ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان جا رہی ہیں۔
انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ’ مودی جی، فٹا فٹ انڈیا میں ٹک ٹاک اسٹارٹ کرو ورنہ میں پاکستان چلی جاؤں گی’۔
انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک سے پوری دنیا کے لوگ پیسے کما رہے ہیں لیکن اس پر بھارت میں پابندی ہے۔
راکھی ساونت کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان جاکر وہاں بس جائیں گی اور کسی پاکستانی مرد سے شادی کرلیں گی۔
انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ وہ پاکستان جاکر حلوہ اور پانی پوری کھائیں گی، زندگی گزاریں گی، وہاں بس جائیں گی۔
راکھی ساونت نے مختصر ویڈیو میں نریندر مودی کو دھمکی دی کہ وہ بھارت میں فوری طور پر ٹک ٹاک کو کھولیں۔
راکھی ساونت کی ایک اور مختصر ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں وہ اپنا بھارتی پاسپورٹ دکھاتے ہوئے بتاتی ہیں کہ وہ پاکستان جا رہی ہیں۔
راکھی ساونت کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم کو دی گئی دھمکی کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور سوشل میڈیا صارفین نے ان کی ویڈیو پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔