بھارتی اداکار سیف علی خان پر حملہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس سے متعلق اہم تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم کا تعلق بنگلا دیش سے ہے جو ڈکیتی کے لیے اداکار کے گھر داخل ہوا تھا، گرفتار ملزم کی شناخت 30سالہ محمد شریف الاسلام شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔
ممبئی پولیس کے مطابق حملہ آور غیر قانونی طور پر بنگلادیش سے بھارت میں داخل ہوا تھا، اور وہ 6 ماہ پہلے ممبئی آیا، ایک ہاؤس کیپنگ ایجنسی میں کام کرتا تھا، ملزم نے وجے داس، بیجوئے داس اور محمد الیاس وغیرہ جیسے متعدد ناموں کا استعمال کیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ سیف علی خان اسپتال میں ہیں اور وہ دو سے تین دن میں ڈسچارج ہو جائیں گے۔
خیال رہے کہ 16 جنوری کی رات میں سیف علی خان پر ان کے گھر میں مبینہ چور نے چھری کے پے درپے وار کرکے انہیں زخمی کر دیا تھا، اداکار کو فوری طور پر ممبئی کے لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے اور ان کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔