2025 میں سیاحت کیلئے بہترین شہروں کی فہرست جاری

سچ ٹی وی  |  Jan 14, 2025

گھومنے پھرنے کا شوق کس فرد کو نہیں ہوتا تاہم اس کی استطاعت بہت کم لوگوں کو ہوتی ہے۔ مگر پھر بھی جو لوگ 2025 میں دنیا کے مختلف شہروں کی سیر کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے دنیا کے 10 بہترین شہروں کا انتخاب سامنے آگیا ہے۔

سیاحت کے لیے معروف ادارے ٹرپ ایڈوائزر نے دنیا بھر کے لاکھوں افراد کی جانب سے جمع کرائے گئے تجزیوں کی بنیاد پر ان شہروں کو 2025 کے لیے بہترین سیاحتی مقامات قرار دیا ہے۔

فہرست کے لیے سیاحوں کی جانب سے رہائش، ریسٹورنٹس اور وہاں کی سرگرمیوں کو دی جانے والی ریٹنگز کو بھی مدنظر رکھا گیا۔

مجموعی طور پر 25 مقامات کا انتخاب کیا گیا جن میں سے سرفہرست 10 شہر درج ذیل ہیں۔

10۔ بینکاک

تھائی لینڈ کا دارالحکومت فلوٹنگ مارکیٹس اور دیگر متعدد سیاحتی مقامات کے باعث ہر سال لاکھوں سیاحوں کی میزبانی کرتا ہے۔

9۔کریٹ، یونان

یہ بحیرہ روم کا پانچواں سب سے بڑا جزیرہ ہے جبکہ یہ ایک تاریخی مقام بھی ہے، لاکھوں سیاح یہاں کے تاریخی مقامات کی سیر کرنے آتے ہیں۔

8۔ مراکش

مراکش کے دارالحکومت کا نام بھی مراکش ہے اور یہ اس فہرست میں 8 ویں نمبر پر ہے۔ اپنے بازاروں کے لیے معروف یہ خوبصورت افریقی شہرجدت و قدامت کا امتزاج ہے جہاں عرب و افریقی ثقافت باہم مل کر اس شہرکو انوکھا بنا دیتے ہیں۔ یہاں کی موسیقی، ساحل اور لوگوں کا طرز زندگی سب سیاحوں کی توجہ کا مرکز بننے والے عوامل ہیں۔

7۔ ہنوئی، ویتنام

ویتنام کا دارالحکومت اس فہرست میں 7 ویں نمبر پر موجود ہے جس کی نو آبادیاتی تعمیرات اور یادگاروں سمیت دیگر جدید اسٹرکچر لوگوں کی توجہ اپنی جانب کھینچتے ہیں۔

6۔ روم، اٹلی

اٹلی کا دارالحکومت روم اپنے تاریخی آثار کی بنا پر دنیا بھر کے سیاحوں کا پسندیدہ مقام ہے۔ مگر اس کے ساتھ ساتھ یہاں کے پکوان، اوپن ائیر مارکیٹیں اور دیگر جگہیں بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔

5۔ پیرس، فرانس

شاندار و تاریخی عمارات، عالمی سطح پر معروف ادارے اور مشہور باغات دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے سیاح پیرس آتے ہیں۔ اسے محبت کا شہر بھی قرار دیا جاتا ہے۔

4۔ سسلی، اٹلی

بحیرہ روم میں واقع یہ جزیرہ ہر پہلو سے سیاحوں کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے۔ یہاں کے پکوان، مقامی رسومات، قدرتی مناظر اور دیگر سب سیاحوں کا دل جیت لیتے ہیں۔

3۔ دبئی

یہ وہ شہر ہے جہاں جدید ثقافت کا امتزاج قدامت سے ہوا ہے جبکہ عالمی معیار کی شاپنگ اور تفریحی سہولیات یہاں دستیاب ہیں۔ دنیا کی سب سے بلند عمارت برج الخلیفہ اس شہر میں موجود ہیں جبکہ اور بھی بہت کچھ ایسا ہے جو دیکھنے کے لائق ہے۔

2۔ بالی، انڈونیشیا

اسے انڈونیشیا کی جنت بھی کہا جاتا ہے جو کسی خوابوں کی سرزمین سے کم نہیں۔ جزیرہ بالی اپنی روایتی مندروں، سرسبز دھان کے کھیتوں، آتش فشانی پہاڑوں اور ساحلوں کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ اس طرح یہ تاریخی مقامات کے دلدادہ افراد کے ساتھ سمندری مقامات اور دیگر قدرتی مناظر کے پرستاروں کے لیے بھی مثالی مقام ثابت ہوتا ہے۔

1۔ لندن

لندن دنیا کے اہم شہروں میں سے ایک ہے۔ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل چار مقامات کا تعلق بھی لندن سے ہے، جن میں ویسٹ منسٹر محل اور کلیسائے ویسٹ منسٹر، کلیسائے سینٹ مارگریٹ، لندن برج اور شاہی نباتاتی باغیچہ شامل ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More