پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں دو الگ الگ آپریشن میں نو شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ’شمالی وزیرستان کے ضلع دوسالی میں دو الگ الگ آپریشن میں نو خوارج مارے گئے۔‘
’خوارج کی جنرل ایریا دوسالی میں موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ اس کارروائی میں چھ خوارج کو ہلاک کیا گیا جب کہ دو کو گرفتار کیا گیا۔‘
ایک اور خفیہ اطلاع پر ایشام کے جنرل ایریا میں آپریشن میں کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ’اس آپریشن میں تین خوارج ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے۔‘ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے ’خوارج‘ سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ’ہلاک کیے گئے خوارج سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کئی کارروائیوں اور عام شہریوں کے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔‘بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس علاقے میں سینیٹائزیشن آپریش کیا جا رہا ہے تاکہ ایسے مزید عناصر کو ختم کیا جا سکے۔