انڈیا کی مشہور اداکارہ اور کامیڈی شو ’کپل شرما شو‘ کی جج ارچنا پورن سنگھ اور اداکار پرمیت شیٹھی کئی سال پہلے شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور دونوں ایک عرصے سے ہنسی خوشی شادی شدہ زندگی گزار رہے ہیں۔این ڈی ٹی وی کے مطابق ارچنا پورن سنگھ اور پرمیت شیٹھی کی جوڑی کو بالی وُڈ کی مشہور جوڑیوں میں سے ایک کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔لیکن کیا آپ کو علم ہے کہ ایک مرتبہ پرمیت شیٹھی کی جانب سے ارچنا پورن سنگھ کو طلاق کی دھمکی دی گئی تھی؟کہانی کچھ یوں ہے کہ بالی وڈ کی زیادہ تر شخصیات ممبئی کے علاقے جوہو، بینڈرا یا کھار کے علاقوں میں رہائش پذیر ہیں لیکن ارچنا پورن سنگھ اپنے خاندان کے ہمراہ کئی برس سے ’مدھ آئی لینڈ‘ میں رہ رہی ہیں۔جب ’مدھ آئی لینڈ‘ باقی شہر سے کٹا ہوا تھا تو ارچنا پورن سنگھ نے یہاں دو مختلف جائیدادیں خرید لی تھیں۔کامیڈین اور اداکارہ بھرتی سنگھ کے ساتھ پاڈ کاسٹ میں بات چیت کرتے ہوئے ارچنا ’مدھ آئی لینڈ‘ میں رہائش اختیار کرنے کی کہانی بتاتی ہیں۔وہ کہتی ہیں کہ ’مجھے ایک سستی جگہ کا علم ہوا تو میں نے یہاں دو بنگلے لے لیے، اس زمانے میں پرمیت کسی بھی ممبئی میں رہنے والے شخص کی طرح تھے، فلیٹوں میں رہنا پسند کرتے تھے اور میں وہ انسان ہوں جو بنگلوں میں پلی بڑھی تھی۔ مجھے علم تھا کہ بڑے شہروں میں چھوٹے چھوٹے گھر ہوتے ہیں۔‘ارچنا پورن سنگھ نے بتایا کہ ’میرا خیال تھا کہ دو تین کمروں کا آپ بنگلہ لیتے بھی ہیں تو وہ کوئی بنگلہ نہیں ہوتا، بنگلہ تو وہ ہوتا ہے جس میں کم از کم پانچ، چھ کمرے تو ہوں۔‘انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’لیکن جب پرمیت کو میرے پراپرٹی خریدنے کا علم ہوا تو انہوں نے کہا کہ اگر میں نے زمین خریدنے کا فیصلہ کر ہی لیا ہے تو اس میں سے ایک خریدوں اور اگر میں ایسا نہیں کرتی، یعنی دو خریدتی ہوں تو وہ مجھے طلاق دے دیں گے۔‘ارچنا پورن سنگھ نے بتایا کہ ’میں نے انہیں کہا تم مجھے طلاق دیتے ہو یا نہیں، مجھے اس کی کوئی پروا نہیں، میں تو بنگلہ خریدوں گی۔ میری اس ضد پر پرمیت نے سرتسلیم خم کرتے ہوئے کہا کہ چلو پھر خرید لیتے ہیں۔‘