ایف آئی اے کا مریم نواز کی تصاویر کو مصنوعی ذہانت کی مدد سے ایڈٹ کر کے وائرل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز

بی بی سی اردو  |  Jan 10, 2025

پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز کی تصاویر کو مصنوعی ذہانت کی مدد سے ایڈٹ کر کے سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کی وفاقی تحقیقات ایجنسی (ایف آئی اے) کے مطابق اس مہم کا حصہ بننے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔

ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان اکاؤنٹس کی مدد سے مصنوعی ذہانت سے تیارہ کردہ تصاویر کے ذریعے مریم نواز اور متحدہ عرب امارات کے صدر کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر اعلیٰ مریم نواز پر اس وقت تنقید ہوئی جب انھوں نے ایک سرکاری دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید سے ہاتھ ملایا۔

مریم نواز کے معاون خصوصی نے اُن کی یو اے ای کے صدر کے ساتھ تصویر اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی جس میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

اس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ایسی مہم شروع کی گئی جس میں مذکورہ تصویر کو کچھ صارفین نے قابل اعتراض ایڈیٹنگ کر کے وائرل کیا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق اس کیس کی تفتیش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو نشاندہی کریں گی کہ یہ مواد کہاں سے شروع ہوا۔

پاکستان، انڈیا میں خواتین سیاستدان بلاوجہ تنقید کی زد میںGetty Images

کبھی کسی مرد سے ہاتھ ملانے پر اعتراض تو کبھی چہرے سے متعلق تبصرے، انڈیا اور پاکستان میں اکثر خواتین سیاستدانوں کو اپنے جنس کی بنیاد پر بلاجواز تنقید اور طنز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اس کی حالیہ مثال انڈیا میں بی جے پی رہنما اور سابق رکن پارلیمان رمیش بیدھوری کی ہے جنھوں نے کانگریس سے تعلق رکھنے والی اپنی سیاسی مخالف پرینکا گاندھی کے چہرے کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کیے۔

سوشل میڈیا پر کانگریس رہنما پرینکا گاندھی کے متعلق رمیش بیدھوری کا بیان گردش کر رہا ہے جس میں وہ اپنے اسمبلی حلقے میں ایک مجمعے سے خطاب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ سڑکوں کو ان کے ’گال کی طرح‘ بنا دیں گے۔

خیال رہے کہ رمیش بیدھوری اس طرح کے متنازع بیان کے لیے جانے جاتے ہیں۔ اس سے قبل پارلیمان کے اندر ایک مسلم رکن پارلیمان کے لیے انھوں نے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا تھا جس کے بعد انھیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا، یہاں تک کہ پارٹی نے انھیں ان کی سیٹ سے دوبارہ ٹکٹ نہیں دیا۔ لیکن بیدھوری کو بے جے پی نے آنے والے دنوں میں دہلی اسمبلی الیکشن میں اپنا امیدوار بنایا ہے۔

بہار کے سابق وزیر اعلی لالو پرساد کو بھی اس سلسلے میں یاد کیا جا رہا ہے جنھوں نے یہی بات ہیما مالنی کے متعلق کہی تھی۔ انڈین خبر رساں ادارے کے مطابق سنہ 2007 لالو پرساد نے ایک پروگرام میں کہا تھا کہ 'یہ بات سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے کہی تھی، جسے میرے سر منڈھ دیا گیا۔'

بہر حال اس بابت ہیما مالنی کا بیان بھی گردش کر رہا ہے جس میں وہ کہتی ہیں کہ ’لالو پرساد کے بیان سے یہ ٹرینڈ شروع ہوا اور اب بھی اس کا استعمال ہوتا ہے۔

’ہم عام آدمی کی بات نہیں کر رہے ہیں لیکن پارلیمان میں پہنچنے والوں سے اس قسم کا بیان آتا ہے تو یہ بے مزہ ہے۔ کسی بھی خاتون کے بارے میں ایسی باتیں ناگوار ہیں۔'

مردوں کی نسبت خواتین میں قائدانہ عہدوں کی خواہش کم کیوںکیا پریانکا گاندھی کا انتخابی سیاست میں اترنا وزیر اعظم نریندر مودی کی مشکلات مزید بڑھا دے گا؟بھائی کے دفاع میں آگے آنے والی پریانکا گاندھی، جن میں دادی اندرا گاندھی کی جھلک نظر آتی ہےمریم نواز کو لاحق بیماری کیا ہے اور کیا اس کا علاج امریکہ اور سوئٹزرلینڈ میں ہی ممکن ہے؟

سوشل میڈیا پر اس حوالے سے نہ صرف کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے حامیان چراغ پا ہیں بلکہ عوام بھی اس طرح کی زبان اور بیان سے بیزاری کا اظہار کر رہے ہیں۔

کانگریس کی ترجمان سوپریا شرینیت نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا: 'بی جے پی خواتین مخالف ہے۔ پرینکا گاندھی کے بارے میں رمیش بیدھوری کا بیان نہ صرف شرمناک ہے بلکہ ان کی حقیقی بیمار خواتین مخالف ذہنیت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔

’نہ صرف رمیش بیدھوری بلکہ بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کو اس پر معافی مانگنی چاہیے۔‘

Getty Imagesخواتین سیاستدانوں پر تنقید جس سے اندرا گاندھی، بینظیر بھی نہ بچ سکیں

برصغیر کی سیاست میں خواتین کو کمتر سمجھنے اور ان کے خلاف جنسی نوعیت کے بیانات کی روایت کئی دہائیوں سے عام ہے۔

سیاست میں اپنے حریف کو تنقید کا نشانہ بنانے کے لیے اکثر ان کے جنس، مذہب یا پس منظر کو استعمال کیا جاتا ہے۔

خواتین کے حق کے لیے آواز اٹھانے والی سماجی کارکن کویتا کرشنن کا کہنا ہے کہ اگرچہ ہر جگہ سماجی برابری اور خواتین کے مساوی حقوق کی بات کی جاتی ہے لیکن سماج میں پھیلی ذہنیت اس سے مختلف نظر آتی ہے۔

آپ اسے شروع سے دیکھ سکتے ہیں جیسے انڈیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم اندرا گاندھی کو 'گونگی گڑیا' پکارا جانا ہو یا پھر ملک میں طاقتور خواتین کو ان کے جسم، ان کی صورت اور ان کے کپڑے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جانا ہو۔

وہ کہتی ہیں کہ نہ صرف انڈیا میں طاقتور خواتین کو کمتر گننا یا پاکستان میں مریم نواز یا پھر بے نظیر بھٹو کو ان کے جنس کی وجہ سے تنقید بنانا عام ہے بلکہ امریکہ جیسے ملک میں جب صدارتی انتخابات ہوتے ہیں تو کملا ہیرس اور ہیلری کلنٹن کے متعلق بھی سیکسسٹ چیزیں نظر آتی ہیں۔ اتنا ہی نہیں، انھوں نے کس رنگ کا کپڑا پہنا ہے، ان کے چہرے پر مسکراہٹ رہتی ہے یا نہیں کے علاوہ جب اوباما صدارتی میدان میں تھے تو ان کی اہلیہ مشیل نے کیسے کپڑے پہنے ہیں، اس پر باتیں ہوتی رہیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ جنسی بنیاد پر خواتین کو جانچنے کی خوفناک ذہنیت ہے۔ ’یہ نہ صرف مضبوط آزاد خواتین کے ساتھ بلکہ ان لوگوں کے ساتھ بھی گہری بے چینی کو ظاہر کرتا ہے جن کی جسمانی شکل اور شخصیت صنفی دقیانوسی تصورات کے مطابق نہیں ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ یہ صرف سیاست تک محدود نہیں ہے بلکہ ہر شعبے میں ہے جہاں خواتین اچھا کر رہیں۔ ’آپ ثانیہ مرزا سے پوچھیں کہ کیا ان کے خلاف بیانات نہیں آئے ہیں یا ان کو جنسی بنیاد پر نشانہ نہیں بنایا گیا ہے۔‘

’کسی بھی خاتون سیاستدان سے پوچھیں، وہ آپ کو بتائیں گی‘

نومبر سنہ 1997 میں کیمبرج یونیورسٹی کے کینیڈی سکول آف گورمنٹ میں 'کونسل آف ویمن ورلڈ لیڈرز لیکچرز' کے ایک سلسلے کے دوران بے نظیر بھٹو نے سیاسی ماحول پر بات کرتے ہوئے کہا شخصیت اور امیج پر غیر ضروری زور دیا جاتا ہے۔

انھوں نے کہا: ’میں قائدین پر تنقید کرنے کے عوام کے حق کا آخری سانس تک دفاع کروں گی، لیکن اہم سوال یہ ہے کہ ہم کہاں لکیر کھینچیں، پالیسی پر توجہ دیں نہ کہ شخصیت پر۔‘

بھٹو نے کہا کہ 'میں نے اکثر دیکھا کہ لوگ اس بات میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں کہ میرا وزن بڑھ گیا ہے یا میں نے سلوٹوں والے کپڑے پہن رکھے ہیں۔'

اسی طرح پنجاب کی وزیر اعلی مریم نواز شریف کے متعلق نومبر 2022 میں ایک انتخابی ریلی کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان کے ایک بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اسے سیکسٹ کہا گیا۔ ان پر گذشتہ سال اپریل میں عمران خان کی جماعت کے رہنما علی امین گنڈاپور نے بھی جنسی بنیادوں پر تعصب زدہ بیان دیا۔

دوسری طرف گذشتہ سال انڈیا میں پارلیمانی انتخابات کے دوران خواتین سیاست دانوں کے خلاف سیکسسٹ کمنٹس اتنے عام ہو گئے تھے کہ انڈیا فاؤنڈیشن کے بانی اور مذہبی انفلوئنسر سدگرو نے ایک ٹویٹ میں اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا: 'گذشتہ دو ہفتوں میں سیاسی گفتگو میں خواتین کے بارے میں جو زبان استعمال کی گئی اس میں 'ریٹ کارڈ'، والدین کے بارے میں سوالات اور 75 سالہ خاتون کے بارے میں نفرت انگیز تبصرے شامل ہیں۔

’ہمیں کیا ہو گيا ہے؟ میری میڈیا اور بااثر افراد سے گزارش ہے کہ ایسے لوگوں پر پابندی لگائیں۔ ہمیں خواتین کے بارے میں بیانیہ کو تبدیل کرنا ہوگا۔'

واضح رہے کہ گذشتہ سال ہونے والے پارلیمانی انتخاب میں کانگریس رہنما سونیا گاندھی، مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کے ساتھ ساتھ بی جے پی امیدوار کنگنا رناوت کو بھی جنسی بنیاد پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

اس سے قبل سمرتی ایرانی اور شبانہ اعظمی وغیرہ کو تحقیر آمیز الفاظ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ حالت اس قدر تشویشناک ہے کہ سوشل میڈیا پر تو ہر بے باک خاتون کو خواہ وہ سیاست کے شعبے سے ہوں یا کھیل اور صحافت کے شعبے سے انھیں ریپ تک کی دھمکیاں تک دی جاتی ہیں۔

خبر رساں ادارے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے سماجی کارکن رنجنا کمار نے اس ٹرینڈ تر بات کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ صرف حریفوں کے درمیان ہی نہیں ہے بلکہ سیاسی جماعتوں کے اندر بھی تمام خواتین سیاستدانوں کو اپنے مرد ساتھیوں کی طرف سے سیکسسٹ تبصروں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

’آپ کسی بھی خاتون سیاستدان سے پوچھ سکتے ہیں اور وہ آپ کو بتائیں گی۔'

مریم نواز کی ’100 روزہ کارکردگی‘ کے متعلق ویڈیوز پنجاب حکومت کی ’تشہیری مہم‘ یا فنکاروں اور انفلوئنسر کی ’ذاتی رائے‘؟’جھاڑو دیتی‘ پرینکا گاندھی اتر پردیش سے حریفوں کا صفایا کر پائیں گی؟مردوں کی نسبت خواتین میں قائدانہ عہدوں کی خواہش کم کیوںمریم نواز: ’پارٹ ٹائم سیاست دان‘ سے پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ تک کا سفرمریم نواز کی پاکستان واپسی: کیا وہ مسلم لیگ ن کے لیے نواز شریف کا متبادل بن سکتی ہیں؟’میری دادی کی موت کے وقت مجھے انھیں چھونے سے روک دیا گیا‘
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More