مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے پی ٹی آئی کا قبل از وقت الیکشن کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے ، موجودہ حکومت عوام کا انتخاب ہے، پی ٹی آئی ایسے خواب دیکھنا چھوڑ دے جس میں اسے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں عمر ایوب اور شبلی فراز کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ہزاروں خواہشیں ایسی ہیں کہ ہر خواہش پر دم نکلے، اپنی مظلومیت کا پرچار ان کا پرانا وطیرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنا حساب دو اور پھر اپنی راہ لو، نہ کوئی گلہ اور نہ کوئی ناراضگی،پی ٹی آئی کے دور میں ملک کا آوے کا آوہ ہی بگڑا ہوا تھا،پی ٹی آئی اپنے کئے پر پردہ نہیں ڈال سکتی، سیاسی، معاشی اور اخلاقی گراوٹ کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے۔
انہوں نے سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ کون تھا جس نے اپوزیشن کے میثاق معیشت کو رد کیا تھا؟،وہ کون تھا جو آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں پر اثر انداز ہوا؟
طارق فضل چوہدری ، حنیف عباسی اور طلال چوہدری کو وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ
مزید بولے کہ وہ کون تھا جو دوست اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات خراب ہونے کا سبب بنا؟وہ کون تھا جس نے اقتدار سے ہٹنے کے بعد ملک کو تباہی کی جانب دھکیلنے کی خاطر آئی ایم ایف کو قرضہ نہ دینے کا مشورہ دیا؟وہ کون تھا جس نے اپنے غلط فیصلوں سے پاکستان کو تنہاکرنے کی کوشش کی؟ ،وہ کون سی جماعت تھی جس نے 9مئی کو دنگا فساد کیا؟
طلال چوہدری نے کہا کہ یاد رکھیں جو بویا جائے گا وہی کاٹنا ہوگا،پی ٹی آئی کا قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے،پی ٹی آئی کے لوگ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں، مشاورت کریں، یہ آپ کا قانونی حق ہے لیکن اس کی آڑ میں سیاست نہ کریں،ہم بات چیت پر یقین رکھتے ہیں، یہی ہماری سیاسی تربیت ہے۔