واشنگٹن: امریکی رکن کانگریس نے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو افغان طالبان کی مالی امداد روکنے سے متعلق خط لکھ دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی رکن کانگریس نے افغان طالبان کی مالی امداد سے متعلق خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ ٹم برشیٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو افغان طالبان کی مالی امداد روکنے کے حوالے سے خط لکھ دیا۔
خط میں افغان مرکزی بینک کو بھیجی جانے والی رقم کی ترسیل سے متعلق خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔
امریکی رکن کانگریس ٹم برشیٹ نے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ طالبان کے لیے امریکی غیر ملکی امداد کو روک دیں۔
ٹم برشیٹ نے ٹیکس دہندگان کے ڈالروں کے استعمال پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس کا پیسہ دہشت گردوں کی مالی معاونت میں استعمال سے روکا جائے۔ جوبائیڈن انتظامیہ کے تحت امریکی غیر ملکی امداد بالواسطہ طور پر طالبان کی مالی معاونت کر رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: بہت سے کینیڈین امریکی ریاست بننا چاہتے ہیں، ٹرمپ کا دعویٰ
خط میں کہا گیا کہ طالبان کو فنڈز فراہم کرنے سے دہشتگردوں کی مالی معاونت کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ اور مالی مدد کی مد میں فنڈنگ کو ختم کیا جائے۔ امریکہ کو دشمنوں کی مالی مدد نہیں کرنی چاہیے۔
ایلون مسک نے سوال اٹھایا کہ کیا ہم واقعی امریکی ٹیکس دہندگان کی رقم طالبان کو بھیج رہے ہیں؟