غیرقانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس: عدالت کا گنڈاپور کو گرفتار کرکے پیش کرنیکا حکم

سچ ٹی وی  |  Jan 06, 2025

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کے مقدمے میں مسلسل عدم پیشی پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت مقدمے کے تفتیشی افسر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ بھی عدالت پیش نہ ہوسکے۔

عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ملزم پیش ہوا نا ہی وکیل، مسلسل عدم پیشی ناقابل قبول ہے۔

فاضل جج نے ایس ایس پی آپریشنز کو ملزم کوگرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا اور کیس کی مزید سماعت بھی 21 جنوری تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور کو اس کیس میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے اشتہاری بھی قرار دیا جاچکا ہے، تاہم بعد ازاں ضلعی عدالت نے ملزم کو اشتہاری قرار دینے کا حکم کالعدم قرار دے دیا تھا۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2016 میں، اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ بنی گالہ کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کی گاڑی سے 5 کلاشنکوف اسالٹ رائفلز، ایک پستول، 6 میگزین، ایک بلٹ پروف جیکٹ، شراب اور آنسو گیس کے تین گولے برآمد کیے ہیں۔

موجودہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور پی ٹی آئی کے رہنما نے پولیس کے ان دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ 2 لائسنس یافتہ کلاشنکوف رائفلوں کے ساتھ سفر کر رہے تھے، اور گاڑی میں اسلحہ کا لائسنس موجود تھا۔

علی امین گنڈاپور نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ وہ شراب کی بوتل میں شہد لے کر جا رہے تھے، جسے پولیس اہلکاروں نے ضبط کر لیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More