سنیچر کو کرم جانے والے قافلے کے سفری انتظامات جاری ہیں: بیرسٹر سیف

اردو نیوز  |  Jan 03, 2025

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ضلع کرم کے معاملے پر فریقین کی جانب سے امن معاہدے پر دستخط کے بعد سنیچر کو زمینی راستہ کھول دیا جائے گا۔

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ’سنیچر کو جانے والے کانوائے کے سفری اور حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اپیکس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں علاقے کو اسلحہ اور بنکرز سے پاک کیا جائے گا۔‘

انہوں نے بتایا کہ معاہدہ کے مطابق اسلحہ جمع کرنے کے لیے دونوں فریقین 15 دن کے اندر اندر مربوط لائحہ عمل دیں گے۔ اسلحے کے آزادانہ نمائش و استعمال پر پابندی ہوگی،اسلحہ خریدنے کے لیے چندہ جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

بیرسٹر سیف نے مزید بتایا کہ کہ معاہدے کے مطابق فریقین کے ہر قسم کے بنکرز کی تعمیر پر پابندی ہوگی۔ علاقے میں پہلے سے موجود بنکرز ایک مہینے کے اندر اندر ختم کیے جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بنکرز کی مسماری کے بعد جو بھی فریق لشکر کشی کریں گے، انہیںدہشت گرد سمجھ کر کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ دو روز قبل بدھ کو صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں کرم کے معاملے پر جاری جرگہ ختم ہو گیا تھا اور دونوں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے تھے۔

وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے بیان میں کہا تھا کہ دونوں فریقین کی جانب سے امن معاہدے پر دستخط کے بعد کرم کا زمینی راستہ کھلنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ معاہدہ کرم کے مسئلے کے پائیدار حل کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More