لائیو: ڈی چوک احتجاج پر درج مقدمات، 250 ملزمان کی ضمانتیں منظور

اردو نیوز  |  Jan 03, 2025

ڈی چوک احتجاج پر درج مقدمات، 250 ملزمان کی ضمانتیں منظوراسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک احتجاج پر درج کیے گئے مقدمات میں تحریک انصاف سے منسلک 250 ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لی ہیں۔

رہائی کے لیے عدالت نے ملزمان کو پانچ، پانچ ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ 

انسداد دہشت گردی عدالت نے 150 ملزموں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد بھی کیں۔

ملزمان کے خلاف بنی گالہ، کوہسار، شہزاد ٹاؤن، آبپارہ، آئی نائن، سیکریٹریٹ اور سہالہ کے تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

معافی ملتی رہی تو 9مئی بار بار ہوگا: عظمٰی بخاریصوبہ پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت کی وزیر اطلاعات عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ سزا معافی کے بعد جیلوں سے نکلنے والے مجرم پہلے والے عزائم دہرا رہے ہیں۔

لاہور میں نیوز کانفرنس میں پنجاب کی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’نو مئی کرنے والوں کو یہ رعایت پاک فوج کی جانب سے آئی ہے اور اُن کو بھی اس پر دوبارہ سوچنا ہو گا۔‘

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بلوائیوں کو اگر ایسا ریلیف ملے تو پھر اس ملک میں 9 مئی بار بارہو گا۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا تحریک انصاف کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’انہوں نے ہر چیز میں سیاست کرنی ہے۔ خیبر پختونخوا کی حکومت وہاں کی جیلوں کو ٹھیک کیوں نہیں کرتی، ان کو صرف اڈیالہ جیل ہی کیوں نظر آتی ہے؟‘

سابق وزیراعظم عمران خان سے پارٹی کے رہنماؤں کو ملاقاتوں کی آزادی ہونی چاہیے: عمر ایوبتحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرعمر ایوب نے کہا ہے کہ اُن کی جماعت کی جانب سے حکومت کے ساتھ مذاکرات میں عمران خان سمیت دیگر گرفتار سیاسی کارکنوں کی رہائی پہلا مطالبہ ہے۔

جمعے کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ کورٹس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مطالبات وہی ہیں جو گزشتہ روز مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیے میں سامنے آئے۔

عمر ایوب نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان سے پارٹی کے رہنماؤں کو ملاقاتوں کی آزادی ہونی چاہیے تاکہ کھل کر مشاورت ہو سکے۔

امن معاہدے کے بعد کرم میں زمینی راستہ کل سے کھول دیا جائے گا: بیرسٹر سیف

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ضلع کرم کے معاملے پر فریقین کی جانب سے امن معاہدے پر دستخط کے بعد سنیچر کو زمینی راستہ کھول دیا جائے گا۔

 بیرسٹر سیف نے کہا کہ ’سنیچر کو جانے والے کانوائے کے سفری اور حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اپیکس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں علاقے کو اسلحہ اور بنکرز سے پاک کیا جائے گا۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More