ابھرتی ہوئی اداکارہ رحمہ زمان بھی سال کے اختتام پر نکاح کے بندھن میں بندھ گئیں، انہوں نے اپنی شادی اور نکاح کی متعدد ویڈیوز اور تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں۔
اداکارہ نے 29 دسمبر کو شیئر کردہ ویڈیو کے کیپشن میں بتایا کہ ان کا نکاح ہوگیا، ویڈیو میں انہیں عروسی لباس میں دیکھا گیا۔
اداکارہ نے اس سے قبل اپنی مہندی کی تقریب سمیت دعائے خیر کی ویڈیوز بھی شیئر کی تھیں۔
رحمہ زمان نے شادی کی دوسری تقریبات کی ویڈیوز بھی انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں جو کہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں اور انہیں دوسرے شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق رحمہ زمان نے شیراز نامی شخص سے نکاح کیا، جن کا تعلق شوبز انڈسٹری سے نہیں، تاہم اداکارہ نے اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی۔
رحمہ زمان کا شمار ابھرتی ہوئی اداکاراؤں میں ہوتا ہے، وہ متعدد ڈراموں میں معاون اور مرکزی کرداروں میں دکھائی دے چکی ہیں جب کہ وہ سوشل میڈیا پر بھی متحرک رہتی ہیں۔
ان کی طرح رواں برس متعدد شوبز شخصیات بھی رشتہ ازدواج میں بندھیں جب کہ بعض شوبز شخصیات نے رواں برس صرف نکاح کیا۔