ایف آئی اے کا ’جعلی ویزے بنانے والی فیکٹری‘ پر چھاپہ، دو ملزم گرفتار

اردو نیوز  |  Dec 29, 2024

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ’جعلی ویزے بنانے والی فیکٹری‘ پر چھاپہ مار کر دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

سنیچر کو ایف آئی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کے کمپوزٹ سرکل گجرات نے انسانی سمگلرز کے خلاف خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے شادمان کالونی میں چھاپہ مار کر دو ملزمان کو گرفتار کیا۔

گرفتار ملزمان میں ضیا الرحمان اور اعجاز احمد شامل ہیں۔

بیان کے مطابق ’ملزمان پاکستان کے مختلف علاقوں میں ایجنٹوں کی مدد سے شہریوں کو جعلی ویزے فراہم کر رہے تھے۔ اور جعلی پاسپورٹ، ویزا سٹیکرز اور دیگر سفری دستاویزات بنانے اور فروخت کرنے میں ملوث ہیں۔‘

’ملزمان جعلی دستاویزات کے ذریعے سادہ لوح شہریوں سے فراڈ کرتے تھے اور بھاری رقوم وصول کر کے جعلی دستاویزات فراہم کرتے تھے۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ملزمان انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔ جبکہ چھاپے کے دوران ملزمان سے 20 پاکستانی اور 31 غیرملکی پاسپورٹ برآمد ہوئے ہیں۔‘

’اس کے علاوہ ان سے بڑی تعداد میں جعلی ویزا سٹیکرز برآمد کر لیے گئے۔ ملزمان سے جعلی ویزا سٹیکرز کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشینیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ملزمان سے یورپ کے 96، چین کے 18، برطانیہ کے 41، امریکہ کے 12 جعلی ویزا سٹیکرز برآمد ہوئے ہیں۔ ان ممالک کے علاوہ ملزمان سے برازیل، انڈونیشیا، ترکی، سربیا، یونان، سویڈن، مالٹا، کروشیا، سپین، پرتگال اور یو اے ای کے جعلی ویزا سٹیکرز بھی برآمد ہوئے ہیں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More