جنوبی کوریا کے موآن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتوار کو ایک مسافر طیارہ رن وے سے اُتر کر حفاظتی دیوار سے جا ٹکرایا جس کے نتیجے میں کم از کم 120 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے جنوبی کوریا کی فائر ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ جنوبی کوریا کے جنوب مغربی شہر موآن میں ایک مسافر طیارے کو لینڈنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں 120 افراد جان سے گئے۔
جنوبی کوریا کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ’حادثہ اُس وقت پیش آیا جب جیجو ایئر کی پرواز سی 22167 تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے 175 مسافروں اور عملے کے چھ ارکان کو لے کر مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے ملک کے جنوب میں واقع ایئرپورٹ پر لینڈ کر رہی تھی۔‘
وزارت نے تقریباً تین دہائیوں میں جنوبی کوریا کی ایئر لائن کے سب سے تباہ کُن فضائی حادثے میں ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔موآن فائر چیف لی جنگ ہیون نے بریفنگ میں بتایا کہ عملے کے دو ارکان، ایک مرد اور ایک خاتون کو جلتے ہوئے طیارے کے ٹیل سیکشن سے بچا لیا گیا۔ آگ دوپہر 1 بجے تک بجھا دی گئی۔ طیارے کو پہچاننا تقریباً ناممکن ہے۔‘مقامی پبلک ہیلتھ سینٹر کے سربراہ نے کہا کہ عملے کے دو افراد کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور وہ ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ایک اور فائر اہلکار نے روئٹرز کو بتایا کہ کم از کم 58 لاشیں نکال لی گئی ہیں لیکن یہ تعداد حتمی نہیں ہے۔اس سے قبل حادثے کے بعد ایئرپورٹ کے ایک اہلکار نے روئٹرز کو بتایا تھا کہ حکام طیارے کے ٹیل سیکشن (پچھلے حصّے) میں لوگوں کو بچانے کے لیے کارروائیوں میں مصروف ہیں۔مقامی میڈیا کی تصاویر میں طیارے کے کچھ حصّوں میں آگ اور دھواں دیکھا جا سکتا ہے (فوٹو: روئٹرز)مقامی میڈیا کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں جڑواں انجن والے طیارے کو رن وے سے پھسلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد ممکنہ طور پر لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث وہ حفاظتی باڑ سے ٹکرا کر آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ جاتا ہے۔ دیگر تصاویر میں طیارے کے کچھ حصّوں میں آگ اور دھواں دیکھا جا سکتا ہے۔وزارت نقل و حمل کے اعداد و شمار کے مطابق یہ حادثہ 1997 میں گوام میں کورین ایئر کے حادثے کے بعد سے کسی بھی جنوبی کوریائی ایئر لائن کو پیش آنے والا بدترین حادثہ ہے۔امریکی جزیرے گوام میں کورین ایئر کے حادثے میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔موآن فائر چیف لی جنگ ہیون نے کہا کہ تفتیش کار پرندوں کے حملے اور موسمی حالات کو ممکنہ عوامل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔جنوبی کوریا کی نیوز ایجنسی یونہاپ نے ایئرپورٹ کے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پرندوں کے ٹکرانے کی وجہ سے لینڈنگ گیئر میں خرابی پیدا ہو سکتی ہے۔نیوز 1 ایجنسی کی خبر کے مطابق ایک مسافر نے اپنے ایک رشتہ دار کو پیغام بھیجا کہ ’ایک پرندہ ونگ میں پھنس گیا ہے۔ اس شخص کا آخری پیغام تھا کہ ’کیا میں اپنے آخری الفاظ کہوں؟‘ایوی ایشن ٹریکنگ سائٹ فلائٹ راڈار 24 نے کہا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا جہاز بوئنگ طیارہ 737-800 معلوم ہوتا ہے تاہم، بوئنگ نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔