قائد اعظم محمد علی جناح کا آج 148واں یوم پیدائش

ہم نیوز  |  Dec 25, 2024

قائد اعظم محمد علی جناح کا 148واں یوم پیدائش آج ملی یکجہتی سے منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ جس میں قائد اعظم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

کراچی کی عمارت وزیر مینشن میں رہائش پذیر جناح پونجا اور ان کی اہلیہ مٹھی بائی کے گھر 25 دسمبر 1876ء کو اس بچے کی پیدائش ہوئی۔ جسے والدین نے محمد علی جناح کا نام دیا۔ اور برصغیر کے مسلمانوں نے  قائد اعظم کے نام سے پکارا۔

امتیازی نمبروں سے اپنے ابتدائی تعلیم مکمل کرنے والے ہونہار بیٹے محمد علی جناح کو ان کے والد نے اعلیٰ تعلیم کے لیے 1891 میں برطانیہ بھجوادیا۔ اس سے قبل ہی قائد اعظم کی شادی کم سنی ہی میں دور کے عزیز ایمی بائی سے انجام پائی۔

انہوں نے 1896 میں قانون کی اعلیٰ ڈگری حاصل کی اور وطن واپس لوٹ آئے۔ قائد اعظم نے وکالت کے ساتھ ساتھ سیاست میں عملی طور پر حصہ لیا۔ اور 1906 میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔

کانگریس کے ساتھ سات سالہ طویل رفاقت کے بعد قائد اعظم نے ہندو رہنماؤں کی چالوں کو بھانپتے ہوئے 1913 میں مسلم رہنماؤں سر آغا خان سوئم، علامہ اقبال اور چوہدری رحمت علی کی درخواست پر مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی۔ اور مسلمانوں کی سیاسی بیداری اور تحریک آزادی کی داغ بیل ڈالی۔

یہ بھی پڑھیں: قائد اعظم کا یوم پیدائش، مسلح افواج کی جانب سے خراج عقیدت

محمد علی جناح نے اپنے تدبر، فہم وفراست، سیاسی دور اندیشی اور جہد مسلسل کے باعث نہ صرف انگریوں کو چلتا کیا بلکہ مسلمانوں کو ہندو بنیے کے شکنجے سے بچاتے ہوئے 14 اگست 1947 میں ایک آزاد ریاست حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال کے خواب اور مسلمانوں کی خواہش پاکستان کو عملی طور پر قائم کرنے کے محض ایک سال بعد ہی 11 ستمبر 1948 کو 71 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے۔

ان کے یوم ولادت پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب ہوئی۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزارقائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل افتخار حسن چودھری تھے۔ انہوں نے مزار قائد پر سلامی دی اور پھول چڑھائے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More