اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کی تعلیم پر سرمایہ کاری کرنا ہو گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے سیاسی جدوجہد کے ذریعے تاریخ کا دھارا بدلا۔ اور قائد اعظم کے وژن، عزم اور استقلال سے ہی آزاد وطن کا قیام ممکن ہوا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ایک وکیل اور مدبر سیاسی رہنما تھے۔ اور انہوں نے مسلمانوں کے حقوق کی بھرپور وکالت کی۔ قائد اعظم ایک جمہوری اور خود کفیل پاکستان کا وژن رکھتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایک خوشحال اور انصاف پر مبنی قوم بننے کا ہمارا سفر ابھی جاری ہے۔ اور ہمیں سماجی انصاف، معاشی مساوات اور قانون کی حکمرانی کے لیے کام کرنا ہے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کی تعلیم پر سرمایہ کاری کرنا ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: قائد اعظم محمد علی جناح کا آج 148واں یوم پیدائش
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے نوجوانوں کو علم و ہنر دینا ہو گا۔ اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی بہتری کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرامن پاکستان کے لیے سرحدوں کے اندر اور باہر ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ جبکہ قائد اعظم نے ایسے پاکستان کا تصور پیش کیا جہاں قانون کی حکمرانی ہو گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد کی انتھک محنت کی بدولت ہمارا وطن پاکستان معرض وجود میں آیا۔ قائد کی جدوجہد کا سفر یقین کی طاقت کے ذریعے خوابوں کی تعبیر کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج قائد اعظم کے اقدار سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرنے کا دن ہے۔ قوم کی ترقی، خوشحالی اور اتحاد کے لیے انتھک محنت کرنا ہے۔