ابھرتے ہوئے اداکار و ماڈل عمر عالم کی جانب سے دوران پرواز خاتون کو شادی کی پیش کش کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
عمر عالم نے فضائی سفر کے دوران خاتون سے اظہار محبت اور انہیں شادی کی پیش کش کرنے کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی، جسے دوسرے شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا۔
اداکار کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو پر متعدد شوبز اور فیشن شخصیات نے کمنٹس کرتے ہوئے اداکار کو مبارک باد پیش کی اور لکھا کہ آج ثابت ہوگیا کہ جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں۔
عمر عالم نے کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو میں انہیں دوران پرواز ساتھ سفر کرنے والی خاتون سے سب کے سامنے اظہار محبت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہےکہ عمر عالم پرواز کے آڈیو سسٹم کے قریب جاکر طیارے میں اعلان کرتے ہوئے اپنا تعارف کرانے کے بعد اپنے رومانوی ہونے یا نہ ہونے پر بھی بات کرتے ہیں اور ساتھ ہی وہ فضائی کمپنی کا شکریہ بھی ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
عمر عالم نے کہا کہ ان سے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ زیادہ تر رومانوی شخص نہیں ہیں لیکن آج وہ سب کے سامنے محبت کا اظہار کرکے ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ وہ رومانوی شخص ہیں۔
اداکار کو مختصر ویڈیو میں ساتھ فضائی سفر کرنے والی خاتون سے اظہار محبت کرنے کے بعد انہیں شادی پیش کش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں خاتون کو اداکار کی پیش کش کو قبول کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے اور دونوں کی پیار کہانی پر پرواز میں موجود مسافر تالیاں بجا کر ان کی پیار کہانی کی تعریفیں بھی دکھائی دیتے ہیں۔
عمر عالم کی ویڈیو کو دوسرے شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا، جہاں نہ صرف شوبز شخصیات بلکہ مداحوں نے بھی انہیں مبارک باد پیش کی۔
فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ عمر عالم نے جس خاتون کو شریک حیات بننے کی پیش کش کی، وہ کون تھیں؟ تاہم سوشل میڈیا پر مداحوں نے تبصرے کرتے ہوئے بتایا کہ اداکار کی ہونے والی شریک سفر کا تعلق شوبز انڈسٹری سے نہیں۔