برازیل کے مقبول سیاحتی مقام پر طیارہ گر کر تباہ، تمام مسافر ہلاک

سچ ٹی وی  |  Dec 23, 2024

برازیل کے جنوب میں ایک چھوٹا طیارہ مقبول سیاحتی مقام پر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 10 افراد ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق برازیل کی سول ڈیفنس ایجنسی نے بتایا کہ کینیلا سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد دو انجنوں والا پائپر پی اے-42-1000 ایک گھر کی چمنی اور دوسرے گھر کی دوسری منزل سے ٹکراتے ہوئے گراماڈو کے رہائشی علاقے میں ایک دکان سے جا ٹکرایا۔

ریو گرانڈے ڈو سل کے گورنر ایڈورڈو لیٹے نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ حادثے میں طیارے کے مالک اور پائلٹ لوئز کلاڈیو گلیازی اور ان کے خاندان کے 9 افراد ہلاک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ زمین پر موجود 17 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 12 اب بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

گیلازی کی کمپنی گیلیازی اینڈ ایسوسیاڈوس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس کے سی ای او اور گیلیازی کی اہلیہ اور 3 بیٹیاں حادثے میں ہلاک ہوگئی ہیں۔

کمپنی نے لنکڈ ان پر ایک پوسٹ میں کہا کہ لوئز گلیازی کو اپنے خاندان کے لیے ان کی لگن اور گلیازی اینڈ ایسوسیاڈوس کے رہنما کی حیثیت سے اپنے شاندار کیریئر کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شدید دکھ کی اس گھڑی میں گلیازی اینڈ ایسوسیاڈوس دوستوں، ساتھیوں اور کمیونٹی کی جانب سے ملنے والی یکجہتی اور محبت کے اظہار پر تہہ دل سے مشکور ہیں، ہم خطے میں اس حادثے سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ بھی ہمدردی رکھتے ہیں۔

سیرا گوچا پہاڑوں میں واقع گراماڈو، خاص طور پر کرسمس کے موسم کے دوران چھٹیاں گزارنے والوں کے لیے ایک مقبول سیاحتی مقام ہے۔

اس سے قبل برازیل کے جنوب مشرقی شہر ونہیدو میں دو انجنوں والا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 61 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More