آئی ایس پی آر کے مطابق سانحہ 9 مئی میں ملوث مجرموں کو سزائیں سنا دی گئیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرمان کو فوجی عدالتوں کی جانب سے سزائیں سنائی گئی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جناح ہاؤس حملے میں ملوث جان محمد خان، محمد عمران محبوب، راجہ احسان، عبدالہادی، علی شان اور داؤد خان کو 10،10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔
اس کے علاوہ جناح ہاؤس حملے میں ہی ملوث ملوث فہیم حیدر اور محمد حاشر کو 6،6 سال قید جب کہ محمد عاشق کو 4 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پنجاب رجمنٹل سینٹر مردان حملے میں ملوث رحمت اللہ کو 10 سال اور یاسر نواز کو 2 سال قید، پی اے ایف بیس میانوالی حملے میں ملوث انور خان اور بابر جمال کو 10،10 سال قید، بنوں کینٹ حملے میں ملوث محمد آفاق خان کو 9 سال قید اور چکدرہ قلعہ حملے میں ملوث داؤد خان کو 7 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ ملتان کینٹ چیک پوسٹ حملے میں ملوث زاہد خان کو 4 سال ا ور خرم شہزاد کو 3 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو حملے میں ملوث عمر فاروق کو بھی 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ 9 مئی 2023 کو قوم نے سیاسی طور پر بھڑکائےگئے اشتعال انگیز تشدد اورجلاؤ گھیراؤ کے افسوسناک واقعات دیکھے، 9 مئی کے پرتشدد واقعات پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتے ہیں۔