اہم نکات
وزیراعظم کی انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت
وزیر برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ کا قومی اسمبلی کے اجلاس میں انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے پر بیان
وزیراعظم شہباز شریف ڈی ایٹ کانفرس میں شرکت کے لیے مصر روانہ
بلوچستان میں پولیو مہم منسوخی کے بعد 30 دسمبر کو شروع کرنے کا فیصلہ
وزیرِاعظم شہباز شریف نے انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک لے کر جانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال میں دنیا بھر میں ایسے تمام واقعات جن میں پاکستانی ملوث پائے گئے ہیں، ان کی رپورٹ وزیراعظم نے ایف آئی اے اور وزارت خارجہ سے طلب کر لی ہے۔
اس سلسلے میں بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔
وزیراعظم نے انسانی سمگلرز کے خلاف کارروائی میں سست روی کرنے والے افسران کے خلاف بھی ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم نے یونان میں کشتی الٹنے کے حادثے میں پاکستانیوں کی ہلاکت اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ انسانی سمگلنگ پاکستان کے لیے دنیا بھر میں بدنامی کا باعث بنتی ہے اور اس کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔
انٹرنیٹ بند کرنے کا شوق نہیں لیکن سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر کرنا پڑتا ہے، شزہ فاطمہ
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ انٹرنیٹ بند کرنے کا شوق نہیں ہے اور نہ ہی ایسا کرنے سے خوشی ملتی ہے لیکن سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر ایسا کرنا پڑتا ہے۔
انٹرنیٹ سے متعلق مسائل پر سوال کے جواب میں وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا کہ صارفین کو درپیش مشکلات سے انکار نہیں کرتے لیکن مختلف وجوہات کی وجہ سے چیلنجز کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ بند کرنے کا شوق نہیں ہے، نہ فائدہ ملتا ہے، نہ خوشی اور نہ ہی کوئی بٹن ہے جس سے میں انٹرنیٹ بند کرتی ہوں، لیکن جب سکیورٹی خدشات کے حوالے سے پی ٹی اے کو آگاہ کیا جاتا ہے تو پھر بھی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے صرف مخصوص جگہوں پر بند کرتے ہیں۔
شزہ فاطمہ نے کہا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر کبھی بھی انٹرنیٹ کی فکسڈ لائن نہیں بند کی لیکن موبائل برانڈ بینڈ پر سکیورٹی کا مسئلہ آئے گا اور نیشنل سکیورٹی سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہے۔
وزیر آئی ٹی نے کہا کہ ملک کی سائبر سکیورٹی کو بہتر کرنا ہوگا، سائبر حملوں سے بچانا ہے، ڈیٹا لیکس سے بچانا ہے، دشمن ممالک ڈیجیٹل حملے کرتے ہیں اس کے خلاف دفاعی نظام کھڑا کرنا ہے۔
اس سے قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے شزہ فاطمہ نے کہا کہ اگر ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں تاخیر کریں گے تو یہ ملک پتھر کے دور کی طرف لوٹ سکتا ہے۔
ہمارے ایم این ایز اور ایم پی ایز پر دباؤ ڈالنا بند کیا جائے، پی ٹی آئی کا اعلامیہ
پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی کے گھروں، ڈیروں پر چھاپوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایم این ایز اور ایم پی ایز پر دباؤ ڈالنا بند کیا جائے۔
پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ختم ہونے ہر جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اراکین پر دباؤ اور چھاپوں کا سلسلہ جاری رہنے پر ایوان میں بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر فوری جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا ہے کہ دونوں واقعات کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن ناگزیر ہے جبکہ عمران خان سمیت تمام سیاسی اسیران کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
کسی بھی معاملے پر مذاکرات میں کردار ادا کرنے کو تیار ہوں، سپیکر قومی اسمبلی
سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں کردار ادا کرنے کے حوالے سے کہا ہے کہ اس مقصد کے لیے ان کا دفتر اور گھر 24 گھنٹے کھلا ہے۔
بدھ کو جاری بیان میں ایاز صادق نے کہا کہ سیاسی ایشوز سمیت کسی بھی معاملے پر مذاکرات میں کردار ادا کرنے کو تیار ہوں، حکومت اور اپوزیشن تلخی ختم کرنے، ملکی مفاد پر بات کرنا چاہیں تو آ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سپیکر کا دفتر اور گھر حکومت اور اپوزیشن کا ہے، سپیکر کے دروازے ہر وقت اپنے ممبران کے لیے کھلے رہتے ہیں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف مصر کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ
وزیرِ اعظم شہباز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر مصر روانہ ہو گئے ہیں جہاں ترقی پذیر ممالک کے 11 ویں سربراہی اجلاس ڈی۔8 میں شرکت کریں گے۔
ڈی ایٹ کا اجلاس ’آئندہ کل کی معیشت کے لیے نوجوانوں، چھوٹے و درمیانے طبقے کے کاروبار میں سرمایہ کاری‘ کے موضوع پر منعقد ہوگا۔
وزیراعظم کے دفتر سے شائع بیان کے مطابق شہباز شریف سربراہی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے روزگار کی فراہمی، جدت کے فروغ اور مقامی کاروبار کی ترویج کی بنیادوں پر مضبوط اور شراکت داری پر مبنی معیشت کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔
وزیرِاعظم کے ہمراہ وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
بلوچستان میں پولیو مہم تیسری مرتبہ مؤخر، 30 دسمبر کو ہوگی
ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے کوآرڈینیٹر انعام الحق نے کہا ہے کہ صوبے میں پولیو مہم 30 دسمبر سے شروع ہو گی۔ بلوچستان میں پولیو مہم تیسری مرتبہ مؤخر ہو رہی ہے۔ مہم 16 دسمبر کو شروع ہونا تھی جو منسوخ کر کہ 17 اور پھر 18 تک ملتوی کی گئی تھی۔
ایمرجینسی آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ انتظامات پورے نہ ہونے کی وجہ سے مہم ملتوی کی گئی ہے۔
کوآرڈینیٹر انعام الحق نے بتایا کہ 16 دسمبر کو مہم کی تیا ری کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں تمام اضلاع کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مہم کی تیاریوں کا جا ئزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ مؤثر مہم چلانے کے لیے مزید تیاری کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں رواں سال ہولیو کے 26 کیسز سامنے آئے ہیں۔