امریکی ریاست اوریگون کے ایک شہر میں شہریوں کی منفرد شرارت نے انتظامیہ کو سوچ میں ڈال دیا ہے۔ شہر بھر کے مجسمے اور دیواریں اچانک ایک دلچسپ مگر مضحکہ خیز "تبدیلی" کا شکار ہوگئے ہیں: مصنوعی آنکھیں لگاکر ان میں "زندگی" بھردی گئی ہے۔
چاہے وہ ہرن کا مجسمہ ہو یا کسی تاریخی شخصیت کا چہرہ، ان گول گول اور مضحکہ خیز آنکھوں نے شہریوں کو قہقہوں میں مبتلا کردیا ہے، لیکن دوسری طرف انتظامیہ پریشانی کا شکار ہے۔
"اگرچہ یہ مصنوعی آنکھیں آپ کو ہنسانے کا سبب بن سکتی ہیں، مگر انہیں ہٹانے کے لیے وقت اور پیسہ خرچ ہوتا ہے، لہٰذا برائے مہربانی یہ سلسلہ بند کیا جائے!"
تاہم، شہریوں نے انتظامیہ کی اس اپیل کو مزاحیہ انداز میں جواب دیا۔
ایک صارف نے طنزیہ انداز میں کہا: "اگر انہیں ہٹانا اتنا مہنگا پڑ رہا ہے تو کیوں نہ انہیں لگے رہنے دیا جائے؟ پھر تو صفر خرچ ہوگا!"
ایک اور والد نے اپنی بیٹی کے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا:
"ہم ایک مجسمے کے پاس سے گزرے تو اس کی آنکھیں دیکھ کر ہم ہنسی سے لوٹ پوٹ ہوگئے۔ شہر میں کچھ ہنسی مذاق ہونا بھی ضروری ہے!"
سب سے دلچسپ تبصرہ ایک اور شہری نے کیا:
"ہرن پر لگی یہ آنکھیں تو بہت خاص اور مزے دار لگتی ہیں، کیوں نہ انہیں ویسے ہی رہنے دیا جائے؟"
انتظامیہ اور شہریوں کے درمیان یہ آنکھ مچولی جاری ہے۔ مجسموں پر چسپاں یہ "زندہ آنکھیں" جہاں شہریوں کے لیے تفریح بن گئی ہیں، وہیں انتظامیہ کی جیب پر بھاری پڑ رہی ہیں۔