لائیو: ’سیلاب کے باعث تعمیر نو کے اخراجات کا تخمینہ 16 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے‘

اردو نیوز  |  Dec 12, 2024

اہم نکات:

سیلاب کے باعث تعمیر نو کے اخراجات کا تخمینہ 16 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا: اٹارنی جنرل پاکستان

ضلع کرم میں تھل پاراچنار روڈ کی بندش، حکومت کا سستا آٹا فراہم کرنے کا اعلان

ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزی، موٹرسائیکل سوار کو ایک لاکھ 54 ہزار روپے کا جرمانہ

 

 

پاکستان کے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا ہے کہ ’ہم موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو محسوس کرنے والی پہلی نسل ہیں، اور بلاشبہ آخری نسل بھی ہیں جو اس کے بارے میں کچھ کر سکتی ہے۔‘

عالمی عدالت انصاف میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ریاستوں کی ذمہ داریوں کے بارے میں سماعت ہوئی، جس میں پاکستان کی نمائندگی اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان نے کی۔

انہوں نے عالمی عدالت کو بتایا کہ ’2022 کے سیلاب کے باعث ملک کا ایک تہائی حصہ ڈوبنے سے 33 ملین افراد متاثر ہوئے۔ سیلاب کے باعث تعمیر نو کے اخراجات کا تخمینہ 16 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا عالمی سطح پر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے پاکستان دیگر ممالک کے مقابلے میں 15 گنا زیادہ نقصان کا سامنا کر رہا ہے۔

ضلع کرم میں آج سے سبسدائز آٹے کی تقسیم شروع ہو گی

 

ضلع کرم میں اشیائے ضروریہ کا ذخیرہ کم ہونے پر خیبر پختونخوا کی حکومت نے سستے آٹے کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔

جمعرات کو محکمہ خوراک ڈائریکٹریٹ نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کرم کو خط لکھا ہے جس میں کرم کی فلور ملوں کو گندم جاری کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ سبسڈائز 20 کلوگرام آٹا کا تھیلا 1700 روپے جبکہ 10 کلوگرام آٹے کا تھیلا 850 روپے پر دیا جائے گا۔

گندم کے اجرا اور آٹے کی تقسیم  کا طریقہ کار ڈپٹی کمشنر کی مشاورت سے تیار کیا جائے گا۔

وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ ’آج سے کرم میں سبسڈائز آٹے کی تقسیم شروع ہو گی، کرم میں غذائی بحران ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔‘

لاہور: موٹرسائیکل سوار کی 86 مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، ایک لاکھ 54 ہزار جرمانہ 

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ٹریفک قوانین کی مسلسل خلاف ورزی پر ایک موٹرسائیکل سوار کو ایک لاکھ 54 ہزار روپے کا جرمانہ کیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار نے مسلسل 73 بار ہیلمٹ کی خلاف ورزی کی۔ ’9 مرتبہ ٹریفک سگنل، 3 مرتبہ ون وے اور 01 مرتبہ لین لائن کی خلاف ورزی کی۔‘

ٹریفک پولیس نے موٹرسائیکل سوار کو 86 مرتبہ خلاف ورزی پر ایک لاکھ 54 ہزار جرمانہ کیا گیا۔ 

کسی بھی موٹرسائیکل سوار کو ہونے والا یہ سب سے بڑا جرمانہ ہے۔ موٹرسائیکل کو تھانے میں بند کروا دیا گیا، چالان جمع کروانے کے بعد موٹرسائیکل حوالے کی جائے گی۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More