جاپان کا پاکستان میں انسداد پولیو مہم کیلئے 31 لاکھ ڈالر گرانٹ کا اعلان

ہم نیوز  |  Dec 11, 2024

اسلام آباد: جاپان نے پاکستان میں انسداد پولیو مہم کے لیے 31 لاکھ ڈالر گرانٹ کا اعلان کر دیا۔

وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے۔ کہ جاپان کی جانب سے ملنے والی گرانٹ 2025 کی پولیو مہمات میں استعمال ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انسداد پولیو کے حوالے سے جاپان، جائیکا اور یونیسف کے درمیان معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ ملنے والی گرانٹ سے 2 کروڑ سے زائد پولیو ویکسین کی خریداری کی جائے گی۔

عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ جاپان کی مستقل حمایت کے ساتھ ہم پولیو کے خلاف اپنی کاوشوں کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں 2025 کے وسط تک پولیو کیسز کو صفر پر لانے کے عزم پر قائم ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال پاکستان میں اب تک 59 پولیو کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ جن میں سب سے زیادہ کیسز بلوچستان میں رپورٹ ہوئے۔ پاکستان دنیا کے ان دو ممالک میں شامل ہے جہاں سے ابھی تک پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں ہو سکا۔

یہ بھی پڑھیں: بی ڈی ایس ڈگری 5 سال کرنیکا فیصلہ ، سیشن 25-2024ء سے نافذ العمل ہو گا

ملک میں پولیو کے کیسز میں حالیہ اضافے کے پیش نظر حکومت پاکستان اپنے شراکت داروں کے تعاون سے 2025 میں ایک وسیع اور اسٹریٹجک ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔ جس کا مقصد بچوں میں اس مہلک بیماری کا خاتمہ ہے۔

انسداد پولیو مہم میں 5 سال سے کم عمر کے ساڑھے 4 کروڑ سے زائد بچے ہدف ہوتے ہیں۔

پنجاب کے 36 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 16 دسمبر کو ہو گا۔ لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں انسداد پولیو مہم 22 دسمبر تک جاری رہے گی۔ جبکہ دیگر 33 اضلاع میں انسداد پولیو مہم 20 دسمبر تک جاری رہے گی۔

صوبے میں مہم کے دوران 2 کروڑ 33 لاکھ بچوں کو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More